عراقی فورسز کا شام کے ساتھ واقع سرحد ی گذرگاہ پر قبضہ ،داعش پسپا
عراقی فوج اور سنی قبائل سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں نے شام کے ساتھ واقع سرحدی گذرگاہ الولید پر قبضہ کر لیا ہے اور وہاں سے داعش کے جنگجوؤں کو مار بھگایا ہے۔
عراقی فوج نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ صوبہ الانبار میں واقع الولید گذرگاہ پر داعش کے خلاف اس کارروائی میں امریکا کی قیادت میں اتحاد اور عراقی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھی حصہ لیا ہے۔
الولید کی گذرگاہ شام کی عراق کے ساتھ ایک ہائی وے پر گذرگاہ التنف کے نزدیک واقع ہے۔اس علاقے میں امریکی فوج راہ فرار اختیار کرنے والے داعش کے جنگجوؤں کے مقابلے میں شامی باغیوں کی مدد کررہی ہے۔ امریکی فوجی گذشتہ سال سے التنف کے علاقے میں تعینات ہیں۔