مصر : الجیزہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی ، 10 دہشت گرد ہلاک
مصر کے شہر الجیزہ میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں کا تعلق مصری تنظیم "حسم موومنٹ" اور دیگر شدت پسند جماعتوں سے ہے۔
سکیورٹی ذریعے کے مطابق مصری سکیورٹی فورسز نے اتوار کو صبح صادق کے وقت الجیزہ کے علاقے ارض اللواء میں ایک مقام پر چھاپہ مارا جہاں حسم موومنٹ کے چھپے ہوئے عناصر دہشت گردی کی کارروائیوں اور دھماکوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ چھاپے کے دوران دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی۔
ذریعے نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان تقریبا ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ اس دوران تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا اور سکیورٹی فورسز نے روپوشی کے مقام کے اندر سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔
سکیورٹی ذرائع نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ جھڑپ میں 3 افسران سمیت 5 پولیس اہل کار اُس وقت زخمی ہو گئے جب ایک دہشت گرد نے سکیورٹی فورسز کی پیش قدمی روکنے کے لیے دھماکا خیز مواد پھینکا۔
سکیورٹی فورسز اب بعض دیگر عناصر کی تلاش میں ہیں جن کا تعلق اُس دہشت گرد سیل سے ہے جس کا آج صفایا کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی کی بڑی کمک علاقے میں پہنچ چکی ہے اور کئی گھروں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی فورسز نے ایک گھر پر چھاپے کی تیاری کے سلسلے میں جھڑپ کے مقام کی مکمل طور پر ناکہ بندی کر دی ہے۔ اس گھر کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس کے اندر دہشت گرد موجود ہیں جن کے پاس بڑی تعداد میں ہتھیار بھی ہیں جب کہ دہشت گرد جس گھر میں روپوش ہیں اس کے اطراف میں عام شہری بھی موجود ہیں۔