’’میں خیریت سے ہوں اور 02 دن میں لبنان لوٹ رہا ہوں‘‘: سعد الحریری کی ٹویٹ
لبنان کے مستعفی وزیر اعظم سعد الحریری نے منگل کو ایک ٹویٹ میں اطلاع دی ہے کہ وہ خیریت سے ہیں اور آیندہ دو روز میں سعودی عرب سے اپنے وطن لوٹ رہے ہیں۔
حریری نے لکھا ہے: ’’ میں خیریت سے ہوں۔ ان شاء اللہ میں دو روز میں ( بیروت ) لوٹ جاؤں گا۔ میرا خاندان فلاحی مملکت سعودی عرب میں اپنے دوسرے گھر میں مقیم ہے‘‘۔
يا جماعة انا بألف خير وان شاء الله انا راجع هل يومين خلينا نروق ، وعيلتي قاعدة ببلدها المملكة العربية السعودية مملكة الخير .
— Saad Hariri (@saadhariri) November 14, 2017
وہ وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد سے ٹویٹر کے ذریعے لبنانی عوام سے رابطے میں ہیں۔ انھوں نے لبنان کے داخلی امور میں ایران کی مداخلت کے خلاف بہ طور احتجاج گذشتہ ہفتے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا تھا،انھوں نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ انھیں قتل کیا جا سکتا ہے۔
انھوں نے دو روز قبل ہی ایک ٹیلی ویژن انٹرویو کے دوران سعودی عرب سے جلد لبنان لوٹنے کا ا شارہ دیا تھا۔لبنان کے صدر مشعل عون ان کے استعفے کی منظوری سے انکار کر چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جب تک سعد حریری خود بیروت آکر اپنے استعفے کی توثیق نہیں کرتے، وہ اس کو منظور نہیں کریں گے۔
سعد حریری کے اچانک استعفے کے بعد لبنان میں ایک سیاسی بحران پیدا ہو چکا ہے اور دونوں علاقائی حریف ممالک سعودی عرب اور ایران بھی اس چھوٹے ملک کی غیر یقینی سیاسی صورت حال پر ایک دوسرے کے خلاف تندو تیز بیانات جاری کر رہے ہیں۔