یمن کے لیے اقوام متحدہ کا امن مندوب تبدیل

اسماعیل ولد الشیخ احمد کی جگہ برطانوی مارٹن گریویٹ تعینات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

اقوام متحدہ نے یمن کے لیے اپنا امن مندوب تبدیل کردیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ذرائع کے مطابق عالمی ادارے نے یمن کے لیے مقرر کردہ خصوصی امن ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد کی جگہ برطانوی سفارت کار مارٹن گریویٹ کو نیا مندوب مقرر کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق نو منتخب مندوب مارٹن گریویٹ ایک سرگرم سفارت کار ہیں۔ وہ یمن کے لیے اقوام متحدہ کےتیسرے ایلچی ہیں۔ گریویٹ اس سے قبل برطانوی وزارت خارجہ سے منسلک رہ چکے ہیں مگر سنہ 1994ء سے وہ اقوام متحدہ میں متعدد عہدوں پر تعینات رہے ہیں۔ عالمی تنازعات کے حل کے لیے انہیں ثالثی کی ذمہ داریاں سونپی جاتی رہی ہیں۔

مارٹن گریویٹ یورپی یونین کے امن انسٹیٹیوٹ کےپہلے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں۔ انہوں نے جنیوا میں ہیومن ڈائیلاگ سینٹر کی بنیاد رکھی اور مختلف تنازعات کے حل کے لیے کامیاب ثالث کا کردار اداکرتے رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے بتایا کہ یمن کے لیے موجودہ امن مندوب اسماعیل ولد الشیخ احمد کی موجودہ ذمہ داری فروری کے آخر میں ختم ہورہی ہے۔ وہ تین سال سے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے امن مندوب کے طورپر کام کرتے آرہے تھے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ یمن کے موجودہ نازک حالات کے تناظر میں کسی ایسی شخصیت کو مندوب مقرر کرنا چاہتی ہے جو خانہ جنگی سے تباہ یمن اور وہاں کے عوام کو مسائل سے نکالنے میں ان کی مدد کرسکے۔

خیال رہے کہ والد الشیخ احمد کو 25 اپریل 2015ء کو یمن کے لیے اقوام متحدہ کا خصوصی ایلچی مقرر کیا تھا۔ انہوں نے یمن کے باغیوں اور حکومت کو مذاکرات کی میزپرلانے کی سرتوڑ کوششیں کیں مگر باغیوں کی ہٹ دھرمی سے بات چیت کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں