کویت کی اردن کو مزید مالی امداد مہیا کرنے کی یقین دہانی
کویت نے سرمایہ کاری اور رعایتی قرضوں کی شکل میں اردن کی مزید اقتصادی امداد پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس ضمن میں کویت کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے کابینہ امور انس آل صالح نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو عمان میں ایک ملاقات میں امیر ِ کویت کی جانب سے یقین دہانی کرائی ہے۔
کویتی وزیر ِ مملکت نے شاہِ اردن کو امیرِ کویت شیخ صباح الاحمد الصباح کا نیک خواہشات پر مبنی ایک پیغام پہنچایا ہے۔اس میں امیرِ کویت نے تمام شعبوں میں اردن کی مستقل حمایت کا ا عادہ کیا ہے۔
انس آل صالح نے کہا کہ کویت اس وقت اردن میں مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری پر غور کررہا ہے اور وہ اس کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے رعایتی بنیاد پر قرضے بھی دے گا۔
شاہ عبداللہ دوم نے امیر شیخ صباح کی قیادت میں کویت کے تاریخی مؤقف کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔