قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کو عبرت ناک سزا دیں گے: اردنی فرمانروا
اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے خبردار کیا ہے کہ قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور عوام اورملک کی سلامتی کوداؤ پر لگانے والوں کو عبرت ناک سزا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اردن کو خوارج کی دہشت گردی کا سامنا ہے مگر عمان پورے عزم کے ساتھ دہشت گردوں کا بے رحمی کے ساتھ قلع قمع کرے گا۔
’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کے مطابق قصرالحسینیہ میں امن وامان سے متعلق ایک اجلاس سے خطاب میں اردنی فرمانروا نے الفحیص کے مقام پر دو روز قبل ہونے والے ایک دہشت گردانہ حملے پر دکھ کا اظہا کیا اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں فوجیوں کے کردار کی تحسین کی۔
شاہ عبداللہ دوم نے اجلاس کے دوران السلیط شہر میں دہشت گردوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں متعدد فوجی افسروں کے مارے جانے پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور مقتولین کے لواحقین سے تعزیت کے ساتھ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارا کوڑا برستا رہے گا۔ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کو ملک کی سلامتی کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ہماری بہادر مسلح افواج کے جوان چوکنا اور بیدار ہیں۔ دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل اردن کے شہر السلیط میں فوج اور دہشت گردوں کے درمیان ایک جھڑپ کے نتیجے میں متعدد فوجی جاں بحق ہوگئے تھے۔