.

لبنانی خاتون کی گاڑی ساحل سمندر کی سڑک پر سے نیچے جا گری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لبنان میں ہفتے کی صبح ایک اندوہ ناک ٹریفک حادثے کی خبر نے عوام کو دہلا دیا۔ واقعے کے متعلق خبر اور تصاویر تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی پھیل گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک 43 سالہ لبنانی خاتون فیدا رضوان کی گاڑی بیروت میں الروشہ کورنیش کی سڑک پر حفاظتی رکاوٹ توڑتی ہوئی 48 میٹر کی بلندی سے نیچے جا گری اور خاتون نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

لبنانی مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون فیدا کا تعلق بیروت کے علاقے 'عین المریسہ' سے ہے۔ وہ غیر شادی شدہ ہے اور اس کے تین بھائی ہیں۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی قیاس آرائیوں میں کہا جا رہا ہے کہ بیروت کے اہم سیاحتی مقام 'صخرۃ الروشۃ' کے مقام پر یہ حادثہ خاتون کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس کا ثبوت کورنیش کی سڑک پر نصب رکاوٹ کا ٹوٹ جانا ہے۔ تاہم داخلہ سکیورٹی فورسز کے ایک ذریعے نے باور کرایا ہے کہ "ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ فیدا زیادہ تیز رفتاری سے گاڑی نہیں چلا رہی تھی بلکہ گاڑی کسی وجہ سے اچانک سڑک سے اُتر گئی۔ ہو سکتا ہے کہ گاڑی کے سامنے کوئی جانور آ گیا ہو اور فیدا نے اس کو بچانے کی کوشش کی"۔ ذریعے نے مزید بتایا کہ ٹریفک اہل کاروں کے پاس معلومات کے مطابق فیدا روزانہ ان اوقات میں کتوں اور بلیوں کو کھانا کھلانے کے مقصد سے مذکورہ علاقے کا رخ کرتی تھی۔

حادثے کے بعد فیدا کی لاش اور گاڑی کو ہفتے کی دوپہر حائے حادثہ سے اٹھا لیا گیا۔