یمن کے نو منتخب نوجوان وزیراعظم معین عبدالملک سعید کون؟
یمن کے صدر عبد ربہ منصور ھادی نے احمد بن دغر کو نااہلی کی بناء پر ان کے عہدے سے ہٹانے کے بعد نوجوان معین عبدالملک سعید کو نیا وزیراعظم مقرر کیا ہے۔
عبدالملک سعید بن دغرکی حکومت میں پبلک افیئرز اور شاہرات کے وزیر تھے۔ ان کا آبائی تعلق تعز گورنری سے ہے اور وہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ شخصیت ہیں۔ انہوں نےتعمیراتی فلسفے اور ڈیزائننگ تھیوری میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔
بن دغر کی حکومت میں انہیں ٹیکنوکریٹ کے طورپر شامل کیا گیا تھا۔ وہ پلاننگ وتعمیرات کے لیے قائم کردہ عرب مشاورتی گروپ کے رکن بھی رہےہیں۔ اس کے علاوہ جامہ ذمار کے انجینیرنگ کالج میں تدریس کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔
پہلے جنیوا اجلاس، سوئٹرزلینڈ اور کویت میں حوثیوں اور یمنی حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں وہ مذاکرات کارکے طورپر شامل رہے۔ ان کے ملک کی تمام نمائندہ سیاسی قوتوں کے ساتھ متوازن تعلقات ہیں۔ ان کا بہ طور وزیراعظم انتخاب آئینی حکومت کی تقویت، حوثی باغیوں کی شورش کو ختم کرنے اور ملک کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک نئے موڑ کا آغاز ہے۔
یمنی صدر عبد ربہ منصور ھادی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ احمد عبید بن دغر کو حکومتی امور اور ذمہ داریوں میں لاپرواہی برتنے کے الزامات کے بعد عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔ ان کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔