بارش 7 ارب عراقی دینار بہا لے گئی!

عراق کے مرکزی بنک کے گورنر کے بیان پر شکوک کا اظہار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

عراق کے مرکزی بنک کے گورنر نے انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ ہفتے ہونے والی خوف ناک بارش نے ایک بنک میں موجود سات ارب عراقی دینار تلف کردیے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عراقی مرکزی بنک کے گورنر علی العلاق نے پارلیمنٹ کے اجلاس کو بتایا کہ شدید بارش کے باعث بغداد میں ایک سرکاری بنک کی عمارت میں‌موجود سات ارب دینا ضائع کردیے۔ ان کا کہنا تھا کرنسی کے نوٹ یا تو پانی میں بہہ گئے یا وہ ناقابل استعمال ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ حالیہ ایام میں بغداد میں موسلا دھاربارشیں ہوئی ہیں جن کے نتیجے میں بغداد پانی میں ڈوبا رہا ہے۔ کسی بنک یا اس کی برانچ کی جانب سے نقدی کے ضائع ہونے کا دعویٰ نہیں کیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ علی العلاق کے دعوے پر کئی قسم کے سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ بعض لوگوں نے اس خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے علی العلاق کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ لگتا ہے کہ یہ رقم کسی اور ذریعے سے بنک سے نکال کر غائب کی گئی ہے۔ بارش محض بہانہ ہے۔

گورنر علی العلاق کا کہنا ہے کہ بنک کی درخواست پر ضائع ہونے والی رقم کے متبادل کرنسی نوٹ مہیا کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب حادثے کی صورت میں کرنسی ضائع ہوجائے تو اس کی متبادل رقم جاری کردی جاتی ہے۔

ادھر عراقی پارلیمانی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رافدین بنک کو بارش کے باعث 10 ارب دینار کا نقصان پہنچا ہے تاہم مرکزی بنک کے گورنر نے کہا کہ 10 ارب دینار نہیں بلکہ بارش کے باعث سات ارب دینار ضائع ہوئے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں