سیرین ڈیموکریٹک فورسز ایک بار پھر ہجین میں داعش کے خلاف سرگرم
دریائے فرات کے مشرقی کنارے پر سیرین ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) شام میں داعش تنظیم کے آخری مرکز میں اس دہشت گرد تنظیم کا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔
باوثوق ذرائع نے شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کو بتایا کہ ایس ڈی ایف ایک بار پھر ہجین قصبے میں پیش قدمی کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس دوران داعش تنظیم کو حملوں کا نشانہ بنایا جائے گا جس نے ہفتے کے روز ہجین کے زیادہ تر حصے پر کنٹرول واپس لے لیا ہے۔ گزشتہ چند گھنٹوں میں داعش اور ایس ڈی ایف کے درمیان مذکورہ قصبے کے اطراف جھڑپیں ہوئی ہیں۔
ایس ڈی ایف نے اس مقصد کے لیے دیر الزور صوبے کے مشرق میں واقع دیہی علاقے میں مزید کمک کے طور پر 500 ارکان کو پہنچا دیا ہے۔
ذرائع نے اس امر کی بھی تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی اتحاد کے طیاروں نے ہفتے کی شب 11 بجے سے اتوار کی صبح تین بجے تک ہجین کے علاقے میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے۔ اس دوران جانی نقصانات کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
نومبر کے اواخر سے اب تک ایس ڈی ایف اور اس کے اتحادی عسکری گروپوں کے 17 الف کے قریب جنگجو ہجین اور اس کے اطراف میں پہنچ چکے ہیں۔