عراق کے شمالی شہر تکریت میں کار بم دھماکا ، دو پولیس افسر ہلاک
عراق کے شمالی شہر تکریت میں منگل کے روز ایک کار بم دھماکے میں دو پولیس افسر ہلاک اور پانچ شہری زخمی ہوگئے ہیں۔
عراقی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بغداد سے شمال میں 150 کلومیٹر دور واقع شہر تکریت میں انتہا پسندوں نے ایک چیک پوائنٹ پر یہ کار بم حملہ کیا ہے۔
قبل ازیں العربیہ کے نمایندے نے یہ اطلاع دی تھی کہ تکریت کے شمال میں واقع ایک داخلی راستے کی جگہ سے ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔
2017ء میں داعش کی عراق میں شکست کے بعد سے سابق صدر صدام حسین کے آبائی شہر تکریت میں اس طرح کے بم حملے شاذ ہی ہوئے ہیں۔ داعش کے جنگجوؤں نے عراقی فورسز کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے اور اپنے زیر قبضہ علاقے چھن جانے کے بعد سے اب گوریلا جنگ کے حربے شروع کر رکھے ہیں اور وہ سکیورٹی فورسز پر خودکش بم حملے یا چھاپا مار حملے کررہے ہیں۔