نیا جال لائے پرانے شکاری... ایہود باراک کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان
اسرائیل کے سابق وزیر اعظم ایہود باراک نے ملکی سیاست میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات ایک نئی سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم سے لڑیں گے۔ باراک کے مطابق اب نیتن یاہو کی کرپٹ حکومت کو ختم کرنے کا وقت آ چکا ہے۔
اسرائیل میں رواں سال اپریل میں ہونے والے انتخابات کے بعد تشکیل پانے والی پارلیمنٹ نیتن یاہو کی جماعت کی جانب سے اتحادی حکومت بنانے میں ناکامی کے باعث آئین کے مطابق تحلیل ہو گئی تھی اور 17 ستمبر 2019ء کو نئے انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسرائیلی سیاست پر نظر رکھنے والے تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ایہود باراک کی سیاست میں واپسی کی وجہ سے نیتن یاہو کو اقتدار سے نکالنے کے سب سے مضبوط امیدوار بائیں بازو کی جماعت کے سربراہ بینی گانٹز کے ووٹ بنک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ یاد رہے کہ ایہود باراک بھی بائیں بازو کی جماعت لیبر پارٹی کے سربراہ رہ چکے ہیں اور ان کا ووٹ بنک بھی اسرائیل کے بائیں بازو کے حلقوں پر ہی مشتمل ہوتا ہے۔
ایہود باراک نے نیوز کانفرنس کو بتایا کہ "ہم آج موجودہ صورتحال پر اپنی رائے کے اظہار اور ایک نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کرنے آئے ہیں۔" انہوں نے اب تک نئی جماعت کے نام کا اعلان نہیں کیا تاہم انہوں نے معتدل اور بائیں بازو کی دیگر جماعتوں سے اتحاد کا عندیہ ضرور دیا۔
سابق اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا "اب غیر ضروری انتظار کا وقت نہیں ہے، نیتن یاہو کی کرپٹ اور مذہبی جنون سے سرشار حکومت کو چلتا کرنے کا وقت آ گیا ہے۔"
گذشتہ ایک دہائی سے اسرائیلی وزارت عظمیٰ کے منصب سنبھالنے والے نیتن یاہو کو اکتوبر میں اسرائیل کے اٹارنی جنرل کے پاس مقدمہ سے قبل ایک پیشی پر طلب کیا گیا تھا۔ اسرائیلی اٹارنی جنرل نیتن یاہو کے خلاف کرپشن کے تین مقدمات میں ان کے خلاف دھوکا دہی اور رشوت ستانی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے کارروائی کرنا چاہتے ہیں۔
نیتن یاہو نے ہر بار ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے اپنے سیاسی مخالفین کی سازش قرار دیا ہے۔
اسرائیل کے "چینل 12" کے حالیہ عوامی جائزے کے مطابق ایہود باراک کے اعلان کے بعد فوری طور پر پارلیمنٹ کی 120 میں سے چھ نشستوں پر ان کی کامیابی کا قوی امکان ہے۔
ایہود باراک اسرائیلی فوج کے سابق سربراہ اور 1999 سے 2001ء کی مدت کے دوران وزیر اعظم بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2007 سے 2013 تک بطور وزیر دفاع بھی خدمات انجام دیں۔ 2013 کو انہوں نے سیاست کو خیرباد کہہ کر کاروبار شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
-
اسرائیل میں داخلی ’’تبدیلیوں‘‘ کے باوجود مناما کانفرنس وقت پر ہو گی: امریکا
امریکی وزارتِ خارجہ نے جمعرات کے روز وضاحت کی ہے کہ اسرائیل میں کنیسٹ کے دوبارہ ...
بين الاقوامى -
نیتن یاہو کی حکومت کے لیے کوششیں تعطل کا شکار ،پارلیمان میں نئے انتخابات کی قرارداد منظور
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی نئی حکومت کے قیام کے لیے کوششیں تعطل کا ...
مشرق وسطی -
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جماعت انتخابات میں دوبارہ کامیاب، پارلیمان میں برتری
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کو پارلیمانی انتخابات میں ...
مشرق وسطی