سعودی طبّی ٹیم کا کارنامہ: 20 منٹ تک دل بند رہنے کے باوجود مریض کو بچا لیا
سعودی عرب میں امراض قلب کے علاج سے متعلق طبی ماہرین کی ایک ٹیم نے دارالحکومت ریاض میں واقع Prince Sultan Cardiac Center میں ایک مریض کے دل کے ٹرانسپلانٹ کا کامیاب آپریشن انجام دیا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ آپریشن شروع ہونے سے قبل مریض کی حرکت قلب 20 منٹ کے لیے بند ہو گئی تھی۔
نادر نوعیت کا یہ آپریشن مسلسل 12 گھنٹے تک جاری رہا۔
مذکورہ سینٹر میں ہارٹ سرجری کے ڈائریکٹر اور سرجنز کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر خالد القرنی نے واضح کیا کہ 46 سالہ مریض کو دل کی سنگین شکایت کے سبب مرکز لایا گیا۔ ضروری معائنے کے بعد مریض کو ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔ آپریشن کے روز مصنوعی بے ہوشی ((Anestesia کے دوران مریض کا دل اچانک بند ہو گیا۔ طبی ٹیم نے فوری طور پر قلبی رئوی احیاء کا عمل شروع کر دیا تا کہ دل کی دھڑکن دوبارہ جاری ہو سکے۔ اس عمل میں 20 منٹ لگ گئے۔ اس دوران طبی ٹیم نے مریض کو ران کی شریان اور رگ کے ذریعے ہنگامی طور پر دوران خون کو سپورٹ کرنے والی مشین پر ڈال دیا۔
اس کے دو گھنٹے بعد دل پہنچ گیا اور ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا پیچیدہ آپریشن انجام دیا گیا۔ آپریشن کامیاب رہا اور مریض کو اگلے روز ہوش آ گیا۔ بعد ازاں مریض کو میڈیکل ونگ میں منتقل کر دیا گیا جہاں وہ مکمل صحت یابی تک موجود رہے گا۔
ڈاکٹر القرنی کے مطابق یہ استثنائی نوعیت کی طبی کامیابی ہے جو اللہ کے فضل سے ممکن ہوئی۔
سال 2018 میں اوپن ہارٹ سرجریز میں کامیابی کا تناسب 99 ٪ رہا۔ ان میں انتہائی خطرناک نوعیت کی ہارٹ سرجریز بھی شامل تھیں۔ تاہم پرنس سلطان کارڈیئک سینٹر کی اعلی اہلیت کی حامل افرادی قوت نے اس ہدف کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔