سعودی عرب میں تعطیلات کے بعد تدریسی عمل دوبارہ شروع
سیکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے اسکول کے پہلے روز طلباء میں پھول تقسیم
سعودی عرب میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد کل اتوار کو تدریسی عمل دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ اسکول کے پہلے روز مختلف مقامات پر ٹریفک پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی طرف سے اسکول آنے والے بچوں کو پھول پیش کیے گئے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مُملکت کی مختلف شاہرائوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کو اسکول جانے والے بچوں کا استقبال کرتے اور انہیں پھول پیش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
سیکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے اسکول جانے والےبچوں کے ساتھ اظہار محبت اور پھول پیش کرنے کے واقعات کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر اور پسند کی جا رہی ہیں۔
بچوں کو اسکول لے کرآنے والے والدین کی طرف سے ملک بھر میں اسکولوں کی حفاظت کے لیے فول پروف انتظامات اور دیگر بہترین انتظامی سہولیات فراہم کرنے پرحکومت کی تحسین کی ہے۔
خیال رہے کہ کل یکم ستمبر بہ روز اتوار سعودی عرب میں 60 لاکھ طلباء اور طالبات موسم گرما کی تعطیلات کے بعد دوبارہ اسکولوں میں حاضر ہوگئے۔
سعودی عرب کی وزارت تعلیم کے مطابق سرکاری ٹرانسپورٹ کے ذریعے 12 لاکھ طلباء طالبات کو اسکولوں میں آمدورفت کی سہولت حاصل ہے۔ 18 ہزار اسکولوں کو 25 ہزار بسیں اور دیگر ٹرانسپورٹ گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔