شام : البغدادی کی بہن ترکی کے ہاتھوں گرفتار
ترکی نے داعش تنظیم کے مقتول سربراہ ابو بکر البغدادی کی بہن رسمیہ عواد کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ بات ترکی کے ایک سیکورٹی ذریعے نے پیر کے روز امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتائی۔
ذریعے کے مطابق البغدادی کی 65 سالہ بہن رسمیہ عواد کو پیر کے روز حراست میں لیا گیا۔ وہ شام کے شمال مغرب میں واقع قصبے اعزاز کے نزدیک اپنے شوہر اور پانچ اولاد کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔
ترکی کے ایک اہم ذمے دار نے برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز سے گفتگو میں اس بات کی امید ظاہر کی ہے کہ البغدادی کی بہن سے داعش تنظیم کے اندر کام کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوں گی۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرنے والے ترک ذمے دار کے مطابق جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے وہ انٹیلی جنس کے حوالے سے "سونے کی کان" ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ البغدادی کی بہن داعش کے بارے میں جو کچھ جانتی ہے وہ تنظیم کے مزید شرپسندوں کو پکڑنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔