.

الاحسا رنگا رنگ اور خوش ذائقہ پھلوں اور سبزیوں کا مرکز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی مشرقی گورنری الاحسا کو مملکت میں پھلوں اور سبزیوں کی ٹوکری قرار دیا جاتا ہے۔

الاحسا کی زرعی پیداوار پورے ملک میں پسند کی جاتی ہے۔ شدید گرمی کے باوجود الاحسا میں انواع واقسام کے پھل اور سبزیاں کاشت کی جاتی ہیں۔ ان میں زرد تربوزم سیاہ توت، کھجور، انجیر، سبز لیمن اور ان گنت سبزیاں کاشت کی جاتی اور پورے ملک میں سپلائی کی جاتی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق الاحسا گورنری میں کاشت کی جانے والی سبزیاں اور پھل اپنے اعلیٰ معیار کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔ مقامی بازاروں میں الاحسا میں کاشت کیے جانے والے پھل گاہکوں کو معمولی، درمیانی اور تیز قیمتوں کے ساتھ ان کے اپنے اپنے معیار کے مطابق دستیاب ہیں۔

موسم گرما میں الاحسا کے کاشت کاروں کے درمیان پھلوں اور سبزیوں کی کاشت کا ایک مقابلہ نظر آتا ہے۔ نہ صرف کاشت کار بلکہ دکاندار بھی مقامی پھلوں اور سبزیوں سے خوب منافع کماتے ہیں۔

یہاں پر اگائی جانے والی سبزیوں میں ٹماٹر، شلجم، لوبیا مشہور ہیں مگر کئی دوسری سبزیاں بھی کاشت کی جاتی ہیں۔ کسان پیشہ وارانہ بنیادوں پر کاشت کاری کرتے ہیں اور ہرسال اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق تازہ سبزیوں کی ابتدا میں قیمت زیادہ ہوتی ہے۔ آغاز میں سبزیوں اور پھلوں کی ایک ٹوکری 40 ریال کی ہوتی ہے تو بعض اوقات ایک کلو 10 ریال تک ہوسکتی ہے۔ ایک ٹوکری عموما بارہ کلو گرام پر مشتمل ہوتی ہے اور اعلیٰ معیار کے پھلوں کی ایک ٹوکری 120 سے 150 ریال تک مل سکتی ہے۔