جوبائیڈن کا نیتن یاہو کو چوتھا فون،غزہ میں کشیدگی میں نمایاں کمی پر زور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے غزہ میں کشیدگی کےخاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ جنگ بندی کی راہ ہموار کی جائے۔

امریکی صدر کی اسرائیلی وزیراعظم سے گذشتہ ایک ہفتے میں یہ چوتھی فون کال ہے۔اسرائیلی میڈیا نے نیتن یاہو کا یہ بیان نقل کیا ہے کہ ’’وہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی نظام الاوقات نہیں دے رہے ہیں۔‘‘

دوسری جانب صدر بائیڈن پرغزہ میں جنگ بندی کے لیے ان کی اپنی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے بھی دباؤ ڈالاجارہا ہے اور ان سے یہ مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ جنگ بندی کے لیے زیادہ فعال کردارادا کریں۔

وائٹ ہاؤس کی خاتون ترجمان کیرین ژاں پائیری نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’دونوں لیڈروں نے غزہ میں رونما ہونے والے واقعات،حماس اوردوسرے عناصر کی جنگی صلاحیتوں کو کم کرنے کے لیے اسرائیل کی پیش رفت اورعلاقائی حکومتوں کی سفارتی کوششوں کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’صدر نے وزیراعظم کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ آج ہی جنگ بندی میں پیش رفت کی غرض سے کشیدگی میں نمایاں کمی کی توقع کرتے ہیں۔‘‘

ادھر غزہ میں اسرائیل کے گذشتہ 10 روز سے جاری فضائی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 219 ہوگئی ہے۔اسرائیلی طیاروں کی تباہ کن بمباری کے نتیجے میں غزہ شہر کا انفرااسٹرکچر ، سڑکیں اور عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں اوروہاں انسانی صورت حال ابتر ہوچکی ہے۔

ادھراسرائیل میں غزہ سے راکٹ حملوں میں 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔امریکا کے علاوہ خطے کے ممالک بھی جنگ بندی کے لیے کوشاں ہیں لیکن اب تک ان کی یہ کوششیں ناکام ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں