سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع الباحہ پہاڑ قدرتی بادام کے درختوں سے ڈھکے ہوئے ہیں۔ سفید رنگ کے پھولوں سے مزین یہ باغات قدرت کا حسین شاہ کار معلوم ہوتے ہیں۔
بادام کے پھول اپنے سفید رنگ کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔ الباحہ پہاڑوں کے دامن میں پھیلنے والے بادام کے درخت کے پھولوں کا موسم سردیوں کے آخر میں شروع ہوتا ہے۔
بادام کا درخت مختلف موسمی حالات کو برداشت کرنے اور پانی کے کم استعمال کی وجہ سے بھی خصوصیت رکھتا ہے۔اسے بغیر کسی انسانی مداخلت کے سیراب کیا جاتا ہے کیونکہ اس کی پیداوار کا موسم ہمیشہ سردیوں کے موسم کے اختتام سے جڑا ہوتا ہے اس لیے اسے پہاڑوں پر پڑنے والی بارش کے پانی سے سیراب کیا جاتا ہے۔
اسے سرد علاقوں کے پودوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔بادام کے پھل کا سخت خول توڑنے کے بعد اس کا گودا کھایا جاتا ہے۔ بادام کا ایک درخت ہر موسم میں تقریباً 150 کلوگرام میوہ پیدا کرتا ہے۔
بادام اپنی کڑوی اور میٹھی اقسام کے ساتھ بہت سے طبی فواید کا حامل پھل ہے۔ میٹھے بادام خشک میوے کے طورپر کھائے جاتے ہیں جب کہ کڑے بادام کا تیل نکالا جاتا ہے۔
الوردیات کی قسم کا بادام کئی ملکوں میں کاشت کیا جاتا ہے لیکن یہ بحیرہ روم کی آب و ہوا والے ممالک میں بڑے پیمانے پر کاشت کیا جاتا ہے۔ یہ انسانی صحت کے لیے اہم غذائی اجزاء جیسے فاسفورس، میگنیشیم، کیلشیم، آئرن اور بہت سے دوسرے عناصر سے بھرپور ہے۔
خیال رہے کہ الباحہ میں بادام کے درختوں کی تعداد تقریباً 30,000 ہے جو 1,000 فارموں کے لیے سالانہ اوسطاً 30,000 کلوگرام پیدا کرتے ہیں۔