سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے بارش میں باہر نہ نکلنے کی بار ہا وارننگ کے باوجود یہ انتباہات حائل کے علاقہ کے ایک بچے کو موت سے بچانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ حائل میں سول ڈیفنس نے ہفتہ کو انکشاف کیا کہ اسے اطلاع ملی تھی کہ ایک بچہ پانی کی دلدل میں ڈوب گیا ہے۔ بیان سے ظاہر ہوا کہ بچے کی لاش اس دلدل سے برآمد کی گئی۔
تیز بارش
ہفتہ کے روز سعودی عرب کی شمالی سرحدوں کے کچھ علاقوں رفحا، العويقلية اور عرار میں اولے پڑے ۔ مدینہ منورہ کے شمال کے علاقوں میں گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ دیگر بعض علاقوں میں بھی کم شدت کی بارش ہوئی۔ خاص طور پر مدینہ منورہ کے علاقے میں موسم بدستور غیر مستحکم رہا۔ حائل کے کچھ حصوں میں جن میں شمالی قصیم، شمال مشرقی اورشمالی علاقوں میں مختلف شدت کے ساتھ بارش جاری رہی۔
بارش جاری رہنے کا امکان
ماہر موسمیات عبدالعزیز الحسینی نے کہا کہ رصد گاہوں کے مطابق توقع ہے کہ بارش اور ژالہ باری جاری رہے گی۔ انہوں نے "ٹویٹر" پر اپنے اکاؤنٹ میں وضاحت کی کہ حائل، المدینۃ المنورہ، المکہ المکرمہ، الجوف، شمالی سرحدوں، الباحہ کے علاقوں کے کچھ حصوں میں بارش والا موسم جاری رہے گا۔ ان کے مطابق عسیر، جازان، شمالی الشرقیہ اور کویت میں ہلکی موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔