شام کے ایک عہدیدار نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ شام نے زلزلہ کے بعد اقوام متحدہ کو امداد کے لیے دو اضافی سرحدی گزرگاہوں کے استعمال کی اجازت میں مزید تین ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
اقوام متحدہ اور اس کی خصوصی ایجنسیوں کو دو سرحدی گزرگاہوں باب السلام اور باب الراعی کو استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ یہ اجازت 13 مئی کو ختم ہورہی تھی جس میں 13 اگست تک توسیع کردی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے سفیر نے بتایا کہ یہ فیصلہ ملک میں استحکام کو بڑھانے اور تمام شامیوں کی زندگی اور انسانی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے شام کی خواہش پر مبنی ہے۔ اقوام متحدہ کی کوششوں کے تحت شام میں تمام ضرورت مندوں کو انسانی امداد کی فراہمی میں سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ترکیہ اور شام میں خوفناک زلزلہ سے 50 ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ شام کے صدر بشار الاسد نے زلزلہ کے بعد 13 فروری سے دونوں کراسنگز کو تین ماہ کے لیے کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔ واضح رہے شام کے شمال مغرب کے کچھ حصوں پر 12 سال سے جاری خانہ جنگی میں حکومت مخالف گروپوں نے قبضہ کر رکھا ہے۔