اردن کے ولی عہد الحسین بن عبداللہ دوم اور رجوہ آل سیف کی شادی آج پورے شاہی طمطراق اور تزک واحتشام کے ساتھ انجام پا رہی ہے اور اس کو دنیا بڑے قریب سے دیکھ رہی ہے۔اس موقع پر ان معزز عالمی شخصیات کی ایک لمبی فہرست سامنے آئی ہے جو شاہ عبداللہ دوم اور ملکہ رانیا کے ساتھ ان کی خوشیوں میں شریک ہیں۔
بہت سے عالمی رہ نماؤں، شاہی اور سینیر سیاسی شخصیات نے اپنی موجودگی کی تصدیق کی ہے اور وہ اردن میں پہنچ چکے ہیں۔ان میں ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید، قطر کی شیخہ موزہ بنت ناصر، کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح، بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ، عمان کے ولی عہد ذی یزن بن ہیثم بن طارق آل سعید، عراقی صدر عبداللطیف رشید، بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ بھی شرکت کر رہے ہیں۔ عراق کے خود مختار کردستان کے وزیر اعظم مسرور بارزانی اور لبنان کے نگران وزیر اعظم نجیب میقاتی بھی معزز مہمانوں میں شامل ہیں۔
جہاں تک عالمی رہ نماؤں اور شاہی شخصیات کا تعلق ہے تو برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ اردنی ولی عہد کی شادی میں شرکت کے لیے جمعرات کی صبح غیر علانیہ دورے پر اردن پہنچے۔
امریکی خاتون اوّل جل بائیڈن اور امریکا کے خصوصی صدارتی ایلچی برائے موسمیات جان کیری کی بھی تقریب میں شرکت متوقع تھی۔ شاہی تقریب میں ملائیشیا کے بادشاہ السلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ، نیدرلینڈز کے شاہ ولیم الیگزینڈر، ملکہ میکسیما اور شہزادی کیتھرینا امالیا، سویڈن کی شہزادی وکٹوریہ اور ان کے شوہر شہزادہ ڈینیئل اور بیلجیئم کے بادشاہ فلپ اور شہزادی ایلزبتھ شامل ہیں۔
طویل عرصے سے منتظر اردن کی شاہی شادی نے علاقائی اور دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی ہے اور لوگ شادی کی تقریب کے آغاز کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔
شادی کی تقریب عَمّان کے قصرِ زہران میں منعقد ہو رہی ہے اور اس کے بعد شادی کا جلوس بھی نکالا جائے گا۔اس کے ساتھ مشہور سرخ جلوس بھی ہوگا، جو الحسینیہ پیلس کی طرف جائے گا، جو شادی کے استقبالیہ اور شاہی عشائیہ کا مقام ہو گا۔