اسرائیلی فضائیہ کے ایک ہزار سے زیادہ ریزرو اہلکاروں کے سروسز فراہم کرنے کے انکار کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے متنازع عدالتی ترامیم پر ووٹنگ ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا۔ اسرائیل کے چینل 12 نے وزیر دفاع کے حوالے سے کہا کہ ملک میں عدالتی ترامیم کو روکنا ضروری ہے۔
یوو گیلنٹ نے عدالتی ترامیم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سینکڑوں پائلٹوں اور ریزرو فوجیوں کی جانب سے سروسز کی فراہمی روکنے کے بعد کی اسرائیل کی صورتحال کو پریشان کن قرار دیا۔
اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق جمعہ کو اسرائیلی فضائیہ کے ایک ہزار 142 پائلٹوں اور ملازمین نے اپنی ریزرو سروس ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ عدالتی ترامیم کے متعلق ایک مسودہ قانون پر اتفاق رائے تک پہنچنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس مسودہ قانون کی اگلے ہفتے اسرائیلی پارلیمنٹ سے منظوری متوقع ہے۔ ان کے اس بیان نے اندرونی اور بیرونی طور پر احتجاج اور غصے کو جنم دیا۔