سعودی پریس ایجنسی نے بتایا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو بدھ کے روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا فون موصول ہوا۔
سعودی ولی عہد نے معاملے پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ مملکت کشیدگی کو روکنے کے لیے تمام بین الاقوامی اور علاقائی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کے مؤقف پر زور دیتے ہوئے بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں کو مدنظر رکھنے کی ضرورت کو فوقیت دی اور شہریوں کو نشانہ بنانے اور معصوم جانیں لینے کو مسترد کیا۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں انسانی حالات کی سنگینی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
ولی عہد نے مسئلۂ فلسطین کی حمایت کے لیے مملکت کے مضبوط مؤقف اور ان کوششوں پر زور دیا جن کا مقصد ایک جامع اور منصفانہ امن کا حصول ہے جو فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی ضمانت دے۔