سعودی عرب اور روس کا غزہ اور اس کے اطراف میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے ساتھ غزہ کی پٹی اور اس کے اطراف میں ہونے والی تازہ ترین خطرناک پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کے روز ٹیلیفون پر پر روسی وزیر خارجہ سے بات کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جانب سے گذشتہ جمعہ کو جاری کردہ قرارداد کے لیے روس کی حمایت ان کا شکریہ ادا کیا۔
خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق عرب ممالک می طرف سے جنرل اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کا مقصد محصور غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی اور فوری انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے شہریوں کے مکمل تحفظ کے لیے فوری جنگ بندی کے حصول کے لیے بین الاقوامی برادری کے کردار کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور جامع حل تلاش کرنے اور فلسطینی قوم کی امنگوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ جمعے کے بعد سے اسرائیل نے غزہ میں اپنی زمینی کارروائیوں کو مزید تیز کر دیا ہے۔
غزہ میں محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے اب تک 8,525 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، ان میں سے زیادہ تر عام شہری ہیں، جن میں 3,542 بچے بھی شامل ہیں۔