اسرائیل کی فوج نے منگل کے روز کہا کہ اس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں شدید لڑائی کے دوران "درجنوں دہشت گرد" ہلاک کر دیئے جبکہ فوجیوں نے حکمراں گروپ حماس کے باقی ماندہ گڑھ خان یونس شہر کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
فوج نے کہا، "گذشتہ روز آئی ڈی ایف کے دستوں نے ایک وسیع کارروائی کی جس کے دوران انہوں نے خان یونس کو گھیرے میں لے لیا اور علاقے میں کارروائی مزید گہری کی۔ یہ علاقہ حماس کے خان یونس بریگیڈ کا اہم گڑھ ہے۔"
فوج نے کہا، "قریبی فاصلے کی اور دست بدست لڑائی میں مصروف زمینی دستوں نے (فضائیہ) حملوں کی ہدایت کی اور فائر کو مربوط کرنے کے لیے انٹیلی جنس استعمال کی جس کے نتیجے میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔"