سلطنت عمان کی نیوز ایجنسی نے جمعرات کو سلطنت عمان پولیس کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ دارالحکومت مسقط کے قریب وادی الکبیر کے علاقے میں واقع مسجد میں فائرنگ کے واقعے میں ملوث تین مجرم عمانی تھے۔
یہ بات ’داعش‘ کی جانب سے منگل کی شام سلطنت عمان کی ایک مسجد پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔
اس حملے میں کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے، جن میں تین حملہ آور بھی شامل تھے۔ حملے میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ رائل عمان پولیس نے منگل کو ’ایکس‘ پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ اس حملے کے نتیجے میں پانچ عام اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ تین حملہ آوروں کو بھی ہلاک کردیا گیا۔ پولیس اہلکار اور سول ڈیفنس اور ایمبولینس اتھارٹی کے چار ارکان سمیت مختلف ممالک کے 28 افراد زخمی ہوئے۔
پولیس نے ایک سابقہ بیان میں اعلان کیا تھا کہ انہوں نے وادی الکبیر کے علاقے میں ایک مسجد کے قریب فائرنگ کے واقعے میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔