امریکی فوج نے عراق میں اُن جنگجوؤں کے خلاف فضائی حملہ کیا ہے جنھوں نے علاقے میں امریکی فوج اور اس کی اتحادی افواج کو ڈرون طیاروں کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ یہ بات ایک امریکی دفاعی ذمے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتائی۔
امریکی ذمے دار کے مطابق دفاعی فضائی کارروائی منگل کی شام عراق کے صوبے بابل میں کی گئی۔
عراقی ملیشیا الحشد الشعبی میں سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ بابل کے علاقے جرف الصخر میں ملیشیا کے مرکز پر چار سے پانچ میزائل داغے گئے۔ اس کے نتیجے میں ملیشیا کے کم از کم چار ارکان ہلاک ہو گئے۔
الحشد الشعبی نے شام اور عراق میں امریکی افواج کو حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔ یہ حملے سات اکتوبر کے بعد سے غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے جواب میں کیے گئے۔
اس سے قبل 18 جولائی کو بغداد کے جنوب میں الحشد الشعبی کے "لاجسٹک سپورٹ" کے گودام میں دھماکا ہوا تھا۔
اپریل میں بابل صوبے میں کالسو عسکری اڈے کے اندر دھماکا ہونے سے آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں ایک شخص ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے تھے۔ مذکورہ اڈے میں عراقی فوج اور پولیس کے علاقہ الحشد الشعبی کے عناصر بھی موجود ہوتے ہیں۔
الحشد الشعبی ملیشیا عراقی سیکورٹی فورسز کا حصہ ہے جو مسلح افواج کے کمانڈر جنرل یعنی وزیر اعظم کے دائرہ کار میں شامل ہیں۔
البتہ الحشد میں ایران نواز گروپ شامل ہیں جن میں سے بعض نے غزہ میں جنگ چھڑنے کے بعد عراق اور شام میں موجود امریکی فورسز پر درجنوں حملے کیے۔ یہ امریکی افواج داعش تنظیم کے خلاف بین الاقوامی اتحادی فورسز کا حصہ ہیں۔