سعودی عرب کے سرکاری فلاحی ادارے ’شاہ سلمان ریلیف مرکز نے شمال مغربی شام میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی اور خصوصی صحت کی خدمات پرمشتمل ایک نئے پیکج کا اعلان کیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ساتھ ایک مشترکہ تعاون کے معاہدے کے تحت اس امدادی پیکج کی کل لاگت 4 ملین سات لاکھ دو ہزار ڈالر ہے۔
اس معاہدے پر شاہی دیوان کے مشیر اور مرکز کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ اور عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس اذانوم گھبریئس نے دستخط کئے۔ یہ معاہدہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقعے پر طے پایا ہے۔
اس معاہدے کا مقصد شمال مغربی شام میں 20 مراکز میں ڈائیلاسز کی سرگرمیوں میں تعاون اور وبائی امراض کے پھیلاؤ کو کم کرکے بنیادی، ثانوی اور خصوصی صحت کی دیکھ بھال کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے ساتھ شمال مغربی شام میں بے گھر اور میزبان کمیونٹی کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ معاشرے کے سب سے زیادہ کمزور گروہوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے ایک محفوظ صحت مند ماحول پیدا کر نا ہے۔ اس منصوبے سے ایک لاکھ بیس ہزار سے افراد کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
یہ امدادی منصوبہ سعودی عرب کی طرف سے نافذ کیے گئے انسانی ہمدردی کے ہمہ گیرمنصوبوں کا حصہ ہے جسے شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے ذریعے شروع کیا گیا ہے۔