جنوبی لبنان میں بمباری کے بعد ہسپتال سے انخلا۔۔۔ اسرائیل: ہم مزید سرپرائز دیں گے

اسرائیل کا حزب اللہ کے مواصلاتی نظام کے کمانڈر کے قتل کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے پر جمعہ کی صبح اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے بمباری کی تجدید کی جس کی اطلاع العربیہ اور الحدث کے نامہ نگار نے دی ہے۔

بیروت پر سب سے زیادہ پر تشدد اسرائیلی حملوں میں سے ایک میں اسرائیل نے کچھ دن قبل ہی حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو شہید کیا اور پھر تین اور چار اکتوبر کی درمیانی شب حملے میں حزب اللہ کے متوقع نئے سربراہ ہاشم صفی الدین کو بھی قتل کرنے کا دعویٰ کر دیا۔

اسرائیلی فوج نے آج جمعہ کو اعلان کیا کہ اس نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے پر کل جمعرات کی رات کے حملوں میں حزب اللہ کے انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر پر بمباری کی اور حزب اللہ کے کمیونیکیشن سسٹم کے کمانڈر محمد رشید سکافی کو قتل کر دیا۔ بعد ازاں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے کل جمعرات کو لبنان اور شام کی سرحد سے گزرنے والی زیر زمین سرنگ پر بمباری کی۔

حزب اللہ نے جمعہ کو اعلان کیا کہ اس کے جنگجوؤں نے جنوبی لبنان کے ایک سرحدی علاقے میں توپ خانے سے اسرائیلی گاڑیوں اور فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ حزب اللہ کے جنگجوؤں نے مارون الراس کے میدان میں اسرائیلی گاڑیوں اور فوجیوں کی ایک فورس کو توپ خانے کے گولوں سے نشانہ بنایا، اس حملے میں اسرائیلیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی۔ حزب اللہ نے کہا کہ اس نے صفد کو بھی نشانہ بنایا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے لبنان سے داغے گئے 20 میزائلوں کا مشاہدہ کیا ہے اور ان میں سے زیادہ تر کو روک دیا گیا اور باقی کھلے ہوئے علاقوں میں گرے۔ حزب اللہ نے کہا کہ اس نے شمالی حیفا کی طرف میزائل فائر کیے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی آج بروز جمعہ ایک ایرانی طیارے میں بیٹھ کر لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچے تھے۔ اس دورے کی تفصیلات کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم العربیہ اور الحدث ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ لبنانی فوج کے کمانڈر سے باضابطہ ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

اسرائیلی طیاروں نے بیروت کے جنوبی نواحی علاقوں میں جمعرات کی رات سے جمعہ کی صبح تک فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کیا۔ یہ حسن نصر اللہ پر ہونے والے حملے کے بعد سب سے بڑا حملہ تھا۔ العربیہ اور الحدیث کے ذرائع نے بتایا کہ حملے میں حزب اللہ کے رہنما ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنایا گیا۔ العربیہ کے ذرائع نے ہاشم صفی الدین کے قتل کی تصدیق نہیں کی ہے۔

سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے آدھی رات کے بعد بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے پر پرتشدد حملے شروع کیے۔ بڑی تعداد میں ویکیوم اور کنکشن بموں کا استعمال کیا گیا۔ یہ بم قلعوں میں گھس گئے اور دھماکوں کی آوازیں آتی رہیں۔

ان حملوں میں المریجہ، ہادی نصراللہ ہائی وے اور الحدت کے آس پاس کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا اور اس کے نتیجے میں المریجہ سٹیڈیم، پولیس سٹیشن، متعدد عمارتیں اور تنصیبات منہدم ہوگئیں۔ میونسپلٹی کی بلڈنگ، سپر مارکیٹ اور دیگر کئی عمارتیں متاثر ہوئیں۔

دہائیوں سے جاری اسرائیل - فلسطینی تنازع کا حالیہ دور 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں کیے گئے حملے کے بعد شروع ہوا۔ اسرائیلی فوج نے غزہ میں 42 ہزار کے قریب فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔ شہدا میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔ لبنان میں اسرائیل کے حالیہ حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی اور دس لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں