اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے شمالی غزہ کے شہر جبالیہ کو ایک بار پھر اپنے محاصرے میں لے لیا ہے۔ بیان کے مطابق محاصرے کا یہ نیا سلسلہ ان اطلاعات کے بنیاد پر شروع کیا گیا ہے کہ وہاں پر حماس نے اپنے ٹھکانے مضبوط کرنا شروع کر دیے تھے اور ان علاقوں میں از سر نو مراکز تعمیر کرنا شروع کر دیے جن میں ایک سال سے بمباری جاری ہے۔
اسرائیلی بیان کے مطابق اسرائیلی فوجی جنہوں نے اس علاقے کو محاصرے میں لیا ہے فوج کی 401 اور 407 بریگیڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔ فوجی بیان کے مطابق انہوں نے علاقے کو محاصرے میں لے کر آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ تاہم ابھی تک بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اس علاقے میں حماس کی طرف سے کوئی مزاحمت کی جارہی ہے یا نہیں۔
واضح رہے شمالی غزہ اور جبالیہ ان علاقوں میں شامل ہے جہاں اسرائیلی فوج نے سب سے زیادہ تباہی کا آغاز کیا تھا۔ تاہم اسرائیلی فوج کی مسلسل بمباری کے باوجود ان علاقوں میں فوج کو بار بار آپریشن کرنے کے لیے منصوبہ بندی کرنا پڑ رہی ہے۔
آج ایک سال مکمل ہونے پر بھی اسرائیلی فوج نے اس علاقے کو اسی طرح محاصرے میں لیا ہے جس طرح غزہ پر حملے کے شروع کے دنوں میں مختلف علاقوں کو محاصرے میں لے کر بمباری و زمینی حملے کر رہی تھی۔