بی-52 بمبار طیارہ پرواز کے بعد کیلیفورنیا میں فضائیہ کے مرکز پر گر کر تباہ ہو گیا
نقصان کی تفصیل نہیں بتائی گئی
ایک بی-52 بمبار طیارہ پیر کو کیلیفورنیا میں امریکی فضائیہ کے مرکز سے پرواز کرنے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا۔
ایکس پر ایک پوسٹ کے مطابق حادثہ ایڈورڈز ایئر فورس بیس پر صبح 11:20 بجے پرواز کے فوراً بعد پیش آیا۔
"ہنگامی عملے نے فوراً جائے وقوعہ پر امدادی کارروائی کی اور یہ صورت حال جاری ہے،" پوسٹ میں کہا گیا۔
ہلاکتوں کے بارے میں کوئی فوری تفصیلات نہیں ملیں اور فضائی مرکز کے ترجمان نے مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔
فضائی فوٹیج میں زمین کا ایک بہت بڑا سوختہ حصہ دکھایا گیا ہے۔
بظاہر جہاز کا بہت کم حصہ باقی بچا تھا اور نشریاتی ادارے کے ہیلی کاپٹر میں سوار صحافی نے سیاہ دھوئیں کے ایک "بڑے مرغولے" کے بارے میں بتایا جو حادثے کے بعد نظر آ رہا تھا۔
سوختہ حصے کے قریب کئی ہنگامی گاڑیاں دیکھی جا سکتی تھیں۔
بی-52 طویل فاصلے تک مار کرنے والا ایک بمبار طیارہ ہے جسے امریکی فضائیہ 1950 کے عشرے سے استعمال کر رہی ہے۔
یہ طیارہ جوہری پے لوڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کا جنگی فاصلہ اٹھاسی سو میل تک ہے۔
امریکہ نے یہ طیارے ویتنام، خلیج، عراق، افغانستان اور حال ہی میں ایران میں تنازعات کے دوران تعینات کیے ہیں۔