جنوبی لبنان کے کئی قصبوں میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان جاری تصادم کی روشنی میں اسرائیلی ٹینکوں نے مزید دراندازی کی ہے۔
ذرائع نے العربیہ کو ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے جنوب میں قصبے "البیضہ" کے سب سے بڑے حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ ذرائع نے وضاحت کی ہے کہ اس سے اسرائیلی فوج ساحلی علاقے "قذا سور" پر زیادہ کنٹرول حاصل کر سکتی ہے۔
جمعہ کو سرحدی قصبوں میں کئی محاذ آرائیاں دیکھی گئیں۔ خاص طور پر حزب اللہ نے "الخیام" پر نو حملوں کا اعلان کیا تھا۔ یہ میدانی پیشرفت اس وقت ہوئی جب اسرائیلی فوجیں جنوب میں متعدد دیہاتوں اور علاقوں میں داخل ہوئی ہیں۔
ان علاقوں میں کفر کلا کے مضافات، شمع کا نواحی علاقہ، تلہ ارمیس کاعلاقہ، بلدیہ یارین اور دیر میماس کا سنگم شامل ہیں۔ الجبین قصبے میں بھی مشین گنوں اور راکٹوں سے جھڑپیں جاری رہیں۔
اکتوبر کی پہلی تاریخ کو اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں زمینی کارروائی شروع کی پھر 12 نومبر کو اسے وسیع کر کے قصبوں میں گہرائی تک گھسنے کی کوشش کی تھی۔ اسرائیل نے اپنے حملے میں تین اہم محوروں پر توجہ مرکوز کی ہے۔
جنوب مشرق میں الخیام، وسطی جنوب میں بنت جبیل اور جنوب مغرب میں شمع کے قصبوں پر حملے کیے جارہے ہیں۔ سطح سمندر سے 950 میٹر بلند الخیام پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔