اسرائیلی فوج نے غزہ کے بے گھر کیے جا چکے فلسطینیوں پر بمباری کا سلسلہ ہفتے کے روز بھی جاری رکھتے ہوئے پھر سکول کی عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔ اس تازہ بمباری کے نتیجے میں آٹھ فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں۔ جن میں دو فلسطینی بچے اور دو فلسطینی خواتین شامل ہیں۔
غزہ میں فلسطینی شہری دفاع کے ادارے نے سکول پر بمباری سے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ ادھر اسرائیلی فوج نے بھی سکول پر بمباری کرنے کو تسلیم کیا ہے ۔ البتہ اپنے ایک پرانے دعوے کو دہرایا ہے کہ سکول کی عمارت فلسطینی مزاحمت کاروں کے استعمال میں تھی۔
فلسطینی شہری دفاع کے ترجمان محمود باسل نے کہا ہے جبالیہ میں قائم سکول پر اسرائیلی بمباری سے آٹھ ہلاک ہونے والوں میں نصف تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے۔ باسل کے مطابق یہ بمباری جبالیہ میں حالوا نامی سکول پر کی گئی تھی۔ جس کے نتیجے میں 19 بچوں سمیت 30 لوگ زخمی ہوئے۔
خیال رہے اس سکول میں ہزاروں بےگھر افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔ واضح رہے اسرائیل کی غزہ میں جنگ کا 15 واں ماہ جاری ہے۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے 46537 سے زائد فلسطینیوں کو قتل کر دیا ہے۔ جبکہ لاکھوں کو بے گھر کیا ہے۔