اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا، سب سے معمر طوس بھی شامل

فتح سے تعلق رکھنے والے طوس کی عمر 69 سال، وہ 1985 سے حراست میں ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

ہفتے کے روز اسرائیل نے حماس کے ساتھ تبادلے کے معاہدے کے تناظر میں فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔

ایجنسی فرانس پریس کے صحافیوں کے مطابق تبادلے کے معاہدے کے تحت رہا ہونے والی فلسطینی قیدیوں کو لے جانے والی بسیں دو اسرائیلی جیلوں سے نکل گئی ہیں۔

بسیں مقبوضہ مغربی کنارے کی عوفر جیل اور جنوبی اسرائیل کے نقب میں واقع کیٹزیوٹ جیل سے روانہ ہوئیں۔ اسرائیلی جیلوں میں قید 200 فلسطینیوں کو ہفتے کے روز ان چار اسرائیلی یرغمال خواتین کے بدلے میں رہا کیا جا رہا ہے جن کو پہلے حماس کی طرف سے رہا کیا گیا ہے۔

ریڈ کراس کی بسیں اسرائیلی عوفر جیل سے قیدیوں کو لے کر روانہ ہوئیں۔ اسرائیلی فورسز قیدیوں کے اہل خانہ کو دور رکھنے کے لیے جیل کے اردگرد تعینات کردی گئیں۔ رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کی بسیں مغربی کنارے میں رام اللہ کی طرف روانہ ہو رہی ہیں۔

اس سے قبل فلسطینی قیدیوں کے کلب نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل میں سب سے معمر فلسطینی اسیر محمد طوس بھی رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں میں شامل ہوں گے۔ طوس کی عمر 69 سال ہے۔ وہ 1985 سے قید ہیں۔ وہ 40 سال تک مسلسل قید کی سزا بھگت کر رہا ہو رہے ہیں۔

ہفتے کے روز اسرائیل نے حماس اور اسرائیل کے درمیان تبادلے کے معاہدے کے تحت غزہ میں زیر حراست 4 اسرائیلی خواتین کے بدلے اپنی جیلوں میں قید 200 فلسطینیوں کو رہا کیا ہے۔ زیر حراست افراد کی فہرست میں عمر قید کی سزا پانے والے 120 قیدی شامل ہیں۔

اس سے قبل ہفتے کے روز ہی حماس نے غزہ کی پٹی میں 4 اسرائیلی خواتین کو ریڈ کراس کے حوالے کیا۔

بعد ازاں اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے چار اسرائیلی خواتین کو حاصل کر لیا ہے۔ یہ چار خواتین فوجی تھیں۔ انہیں غزہ شہر کے ایک چوک میں ایک پلیٹ فارم پر ہزاروں لوگوں کے اجتماع کے درمیان ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا۔ اس دوران القسام بریگیڈ اور القدس بریگیڈ کے ارکان تعینات رہے۔

بعد ازاں ایک بیان میں زیر حراست افراد کی اسرائیلی سرزمین پر آمد کا اعلان کیا گیا۔ تل ابیب کے ایک چوک میں خوشی کی فضا پھیل گئی۔ یہاں اسرائیلیوں کا ایک ہجوم جمع ہوگیا تھا۔ معاہدے کے نفاذ کے ایک ہفتے بعد یہ تبادلے کی دوسری کھیپ ہے۔ پہلے مرحلے میں ایک ہفتہ قبل 3 اسرائیلی خواتین کو رہا کیا گیا اور بدلے میں 90 فلسطینی قیدیوں کو آزادی ملی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں