ہفتے کے روز ایک ہی کھیپ میں 6 اسرائیلی رہا کریں گے : حماس کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

فلسطینی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے کے روز ایک ہی باری میں 6 اسرائیلی قیدیوں کو آزاد کر دے گی۔ تنظیم کے رہنما خلیل الحیہ نے آج منگل کے روز بتایا کہ حماس نے آئندہ جمعرات کو 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں بھی حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پیش رفت غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان فائر بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے ضمن میں ہو گی۔ معاہدے کا نفاذ گذشتہ ماہ 19 جنوری کو ہوا تھا۔

حماس رہنما الحیہ نے باور کرایا ہے کہ اسرائیل ابھی تک دوسرے مرحلے کے مذاکرات میں جانے سے بھاگ رہا ہے۔ انھوں نے زور دیا کہ اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی تمام شقوں پر ٹال مٹول کے بغیر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔

اسی کے ساتھ ایک با خبر مصری ذریعے نے انکشاف کیا ہے کہ قاہرہ میں مصری، قطری، اسرائیلی اور امریکی وفود کے درمیان بات چیت کا دور کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔

اس سے قبل آج رفح کراسنگ کے راستے بعض بھاری مشینری اور موبائل گھروں کو تباہ حال غزہ کی پٹی میں داخل کر دیا گیا۔ یہ پیش رفت کئی روز کے انتظار کے بعد اسرائیلی ٹال مٹول اور مخالفت کے بیچ ممکن بنائی گئی ہے۔

ایسا نظر آ رہا ہے کہ رکاوٹیں دور کرنے کے سلسلے میں وساطت کاروں کی کوششیں کامیاب ہو گئی ہیں۔ ایک اسرائیلی سیاسی ذمے دار نے تصدیق کی ہے کہ ملبہ اٹھانے کے لیے اس مشینری کے داخلے کی اجازت معاہدے کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد کے سلسلے میں ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے کے روز حماس تنظیم نے 3 اسرائیلیوں کو رہا کیا تھا جس کے مقابل اسرائیلی جیلوں سے 369 فسلطینیوں کو آزاد کیا گیا۔ اس طرح معاہدے کا پہلا مرحلہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 33 میں سے 19 اسرائیلی یرغمالیوں کو زندہ واپس کیا جا چکا ہے۔ ان کے علاوہ تھائی لینڈ کے 5 باشوں کو بھی آزاد کیا گیا جو مقررہ قیدیوں کی فہرست میں شامل نہیں تھے۔

اب غزہ کی پٹی میں 73 اسرائیلی یرغمالی باقی ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ ان میں سے صرف آدھی تعداد زندہ ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں