سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے حج سیزن کے لیے انتظامات کو بہتر بنانے اور سیکیورٹی کے مقاصد کے لیے کام آنے والے نسک کارڈز کی تقسیم شروع کر دی ہے۔ اس سال مجموعی طور پر 150000 سے زیادہ کارڈز جاری کیے گئے ہیں ۔
سعودی پریس ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق یومیہ پیداواری صلاحیت 70000 ہے۔
مقامی طور پر طبع کیا جانے والا یہ نسک کارڈ حجاج کی شناخت اور ان کی حفاظت کے لیے بروئے کار ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری اہلکاروں کو بھی اپنے حج سے متعلق سرکاری امور کی انجام دہی میں آسانی میسر آئے گی۔
یہ کارڈ سعودی عرب پہنچنے والے حجاج کی لاجسٹکس اور لاجنگ کے امور میں ایک موبائل ڈیٹا بیس کا کام کرے گا تاکہ سرکاری عمال کو ان کے فرائض کی انجام دہی اور حجاج کے لیے خدمات و سہولیات کی فراہمی کے لیے آسانی ملے گی۔ کیونکہ ہر کارڈ پر متعلقہ حاجیوں کے بارے میں ساری معلومات درج ہوں گی۔
یہ نسک کارڈ حجاج کی رہنمائی اور حاجیوں کے گم ہونے کے واقعات میں بھی رکاوٹ پیدا کرے گا۔ بتایا گیا ہے کہ وزارت حج اور دوسری سعودی وزارتوں کے درمیان اشتراک کار میں بھی مدد گار ہونے والے اس کارڈ کی طباعت تمام حجاج کو ویزوں کے اجرا تک جاری رہے گی۔
دوسرے ممالک سے پہنچنے والے عازمین کو کارڈز کی ترسیل فوری طور پر انہیں خدمات دینے والی کمپنیوں کے ذریعے ممکن بنا لی جائے گی۔ جبکہ مقامی لوگ جو ادائیگی حج کا اردہ رکھتے ہیں وہ مقرر کردہ مقامات سے اپنے کارڈز وصول کر سکیں گے۔
سعودی وزارت داخلہ نے مقامی عازمین حج کو بتایا ہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی اور گمراہ کن حج مہم کے اشتہارات پوسٹ کر کے دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو گرفتار کیا۔ ان افراد کی طرف سے مقامی عازمین حج کو اشتہارات کے ذریعے مقدس مقامات کے قریب رہائش، نقل و حمل، دوسروں کی جانب سے حج، قربانی کے جانوروں کی خدمات اور حج بریسلٹ کی فروخت کی جھوٹی پیشکشیں کی جارہی تھیں۔
وزارت نے کہا کہ مجرموں کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔اب ان سب کے کیسز پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔
وزارت داخلہ کی طرف سے یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مقامی عازمین حج وزارت حج و عمرہ کے نسک پلیٹ فارم کے ذریعے حج پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔