مغربی کنارے میں سرگرمیاں: ناروے کے فنڈ نے اسرائیلی کمپنی میں سرمایہ کاری ختم کر دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

ناروے کے خودمختار دولتی فنڈ نے اسرائیل کے پاز ریٹیل اینڈ انرجی میں اپنے تمام حصص فروخت کر دیئے ہیں کیونکہ یہ کمپنی مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادیوں کو ایندھن کی فراہمی کے لیے بنیادی انفراسٹرکچر کی مالک ہے اور اسے چلاتی ہے۔

فنڈ کی نگران کونسل آن ایتھکس نے اگست میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی کارروائیوں میں مدد کرنے والے کاروباروں کے لیے اخلاقیات کے معیارات کی سخت تشریح اختیار کی تھی جس کے بعد اتوار کے روز مالی روابط کے خاتمے کا اعلان دوسرا واقعہ ہے۔

پہلی مالی علیحدگی دسمبر میں اسرائیلی ٹیلی کام فرم بیزیک سے کی گئی تھی۔

عالمی سطح پر 9,000 کمپنیوں میں 1.5 فیصد درج شدہ حصص کا مالک یہ فنڈ ناروے کی پارلیمنٹ کے مقرر کردہ رہنما خطوط کے تحت کام کرتا ہے اور اسے ماحولیاتی، سماجی اور حکمرانی کے شعبے میں ایک رہنما سمجھا جاتا ہے۔

اکتوبر 2023 میں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے کسی یورپی مالیاتی ادارے کی طرف سے اسرائیلی کمپنیوں یا اس ملک سے تعلقات رکھنے والوں سے روابط منقطع کرنے کا یہ تازہ ترین فیصلہ ہے۔

پاز اسرائیل کے گیس سٹیشنز کا سب سے بڑا آپریٹر ہے اور اس کے مقبوضہ مغربی کنارے میں نو گیس سٹیشن ہیں۔

اخلاقیات کی کونسل نے اپنی سفارش میں کہا، "مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادیوں کو ایندھن کی فراہمی کے لیے بنیادی ڈھانچے کے انتظامات کر کے پاز ان آبادیوں کو برقرار رکھنے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ آبادیاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قائم کی گئی ہیں اور ان کا قائم رہنا اس قانون کی مسلسل خلاف ورزی ہے۔"

پاز باقاعدہ کاروباری اوقات سے باہر تبصرے کے لیے فوری طور پر دستیاب نہیں تھا۔

اقوامِ متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت نے گذشتہ سال کہا تھا کہ فلسطینی علاقوں اور وہاں کی بستیوں پر اسرائیل کا قبضہ غیر قانونی ہے اور اسے جلد از جلد ختم ہونا چاہیے۔ اس فیصلے کو تل ابیب نے "بنیادی طور پر غلط" اور یک طرفہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔

مالی علیحدگی

نگران کونسل ناروے کے مرکزی بینک کے بورڈ کو سفارشات پیش کرتی ہے جو مالی علیحدگی کے بارے میں حتمی رائے رکھتا ہے۔

فنڈ نے اب کمپنی میں اپنا تمام سٹاک فروخت کر دیا ہے۔

یہ فوری طور پر واضح نہیں تھا کہ آیا مزید علیحدگی ہو گی۔

مارچ میں فنڈ کے نگران نے کہا کہ اس نے غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایک تازہ جائزہ لیا جس کے بعد مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بیشتر کمپنیوں سے حساب بیباق کر دیا تھا۔

نگران نے اس وقت کہا تھا کہ اس نے علیحدگی کے لیے دو سفارشات کی تھیں: دسمبر میں بیزیک اور اب پاز - لیکن یہ نہیں بتایا کہ آیا اس نے علیحدگی کے لیے مزید سفارشات کی تھیں۔

مجموعی طور پر نگران نے فنڈ کے پورٹ فولیو میں توانائی کی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، سفر و سیاحت اور بینکنگ سمیت دیگر شعبوں میں کام کرنے والی تقریباً 65 کمپنیوں کا جائزہ لیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں