سعودی باشندے، غیر ملکی شہری حج ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑے گئے

جرمانے اور ملک بدری کا سامنا ہو سکتا ہے: سعودی وزارتِ حج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے پیر کے روز اطلاع دی کہ حج سکیورٹی حکام نے مکہ میں حج کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر پانچ غیر ملکی رہائشیوں اور نو سعودی شہریوں کو پکڑا ہے۔ یہ لوگ 44 افراد کو اجازت نامے کے بغیر حج کے لیے مکہ میں لے کر آئے۔

رپورٹ کے مطابق حکام نے ایسے افراد کو لانے والے ٹرانسپورٹرز اور غیر مجاز عازمینِ حج کو سزا سنائی ہے جس میں 100,000 سعودی ریال (26,662 ڈالر) تک جرمانے اور سعودی عرب میں 10 سال تک دوبارہ داخلے پر پابندی کے ساتھ ملک بدری شامل ہیں۔

سعودی وزارتِ حج نے تمام غیر ملکی رہائشیوں اور سعودی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے ضوابط پر عمل کریں تاکہ "سب کے لیے محفوظ اور سلامتی کے ساتھ حج کو یقینی بنایا جا سکے۔"

وزارت نے پیر کے روز اعلان کیا کہ ان افراد کو 100,000 ریال تک کے بھاری جرمانے کا سامنا کرنا ہو گا جو کسی بھی قسم کا ویزا رکھنے والوں کو کسی بھی قسم کی رہائشی جگہ پر پناہ دیں یا پناہ دینے کی کوشش کریں۔ ان میں ہوٹل، اپارٹمنٹس، نجی رہائش گاہیں یا حاجیوں کی رہائشی سہولیات شامل ہیں۔

یہ پابندی ان افراد پر عائد ہوتی ہے جو مکہ اور مقدس مقامات پر یکم ذی الحجہ (26 مئی) سے 14 ذی الحجہ (نو جون) تک غیر قانونی قیام میں مدد کریں۔ سزائیں ان لوگوں کی تعداد کی بنیاد پر بڑھا دی جائیں گی جن کو پناہ یا مدد دی گئی ہو۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں