سونے، چاندی اور ریشم سے مزین … سعودی عرب میں غلاف کعبہ کی سالانہ تبدیلی کی تقریب
ایک روایت جس کو مملکت نے 100 برس سے زیادہ عرصے سے محفوظ رکھا ہے
سعودی عرب نے گزشتہ سو سال سے زائد عرصے سے ایک عظیم روایت کو زندہ رکھا ہوا ہے، جس کا پوری دنیا کے ایک ارب سے زائد مسلمان بڑی عقیدت سے انتظار کرتے ہیں۔ یہ وہ لمحہ ہوتا ہے جب دنیا کی سب سے مقدس جگہ، خانہ کعبہ، کو نیا غلاف پہنایا جاتا ہے۔
سعودی ہاتھوں سے انجام پانے والی باوقار سالانہ روایت
جمعرات کے روز نئے ہجری سال کے آغاز پر، جنرل اتھارٹی برائے امور مسجد حرام و مسجد نبوی نے پرانا غلافِ کعبہ اتار کر نیا غلاف چڑھایا۔ اس با برکت عمل کی نگرانی ایک تربیت یافتہ اور ماہر سعودی ٹیم کرتی ہے، جو پرانے غلاف کو اُتارنے، سونے کے کام کو الگ کرنے، اور نئے غلاف کو چڑھانے کے تمام مراحل کو نہایت باریک بینی سے انجام دیتی ہے۔ اس عملے میں 154 سعودی فنی ماہرین شامل ہوتے ہیں۔
سونے سے مزین 54 اشیاء
اس عمل میں 120 کلوگرام سونے سے ملمع چاندی کے تار، 60 کلوگرام خالص چاندی، 825 کلوگرام ریشم اور 410 کلوگرام خام کپاس استعمال ہوتا ہے۔ اس بار ٹیم نے 8 جدید ترین کھڈیوں کے ذریعے 54 سونے سے مزین اشیاء تیار کیں۔ اس نئے غلاف کا مجموعی وزن تقریباً 1.4 ٹن یعنی 1415 کلوگرام ہے۔
مع مطلع العام الهجري 1447 الأمة الإسلامية تبتهج بتغيير كسوة قبلتها.#كسوة_الكعبة_المشرفة#هيئة_الإذاعة_والتلفزيون
— هيئة الإذاعة والتلفزيون (@SBAgovSA) June 25, 2025
pic.twitter.com/oPCdUsNPRs
مقدس ترین مقام کے لیے سونا
غلافِ کعبہ کی تیاری کا یہ شان دار عمل کنگ عبدالعزیز کمپلیکس میں انجام پاتا ہے جو صرف غلاف کعبہ (کسوہ) کے لیے ہی بنایا گیا ہے۔ یہاں پرانے غلاف سے سونے کے کام، آیاتِ قرآنی والے حصے، قندیلیں اور دیگر آرائشی اشیاء اتاری گئیں۔ خانہ کعبہ کے دروازے پر موجود پردہ، جس کی لمبائی 6.35 میٹر اور چوڑائی 3.33 میٹر ہے، اُتار کر نئے پردے سے تبدیل کیا گیا۔
نیا غلاف 47 سیاہ ریشمی ٹکڑوں پر مشتمل ہے، جن پر 68 قرآنی آیات کو سونے سے ملمع چاندی کے دھاگوں سے کڑھائی کی گئی ہے۔ استعمال ہونے والا سونا خالص 24 قیراط ہے۔
شاهد.. #الكعبة ترتدي ثوبها الجديد🕋
— العربية السعودية (@AlArabiya_KSA) June 25, 2025
عبر:@Hisham_Khayyat pic.twitter.com/wJMttmjeYe
اعلیٰ ترین کپڑوں کا استعمال
غلافِ کعبہ کی تیاری میں اعلیٰ درجے کے کپڑوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ سات اقسام کی خاص کپڑوں کی اقسام استعمال کی جاتی ہیں، جن میں ہموار سبز ریشم (دروازے کے پیچھے)، نقش دار سیاہ ریشم، ہموار سیاہ ریشم، سکری رنگ کا روئی دار استر، ہموار سرخ ریشم، سفید روئی دار کپڑا، اور نقش دار سبز ریشم (کعبہ کے اندرونی حصے اور حجرہ نبوی کا اندرونی غلاف) شامل ہیں۔
یہ روایت نہ صرف ایک روحانی اور تاریخی اہمیت کی حامل ہے بلکہ سعودی عرب کی جانب سے مسجد حرام کی خدمت اور احترام کا مظہر بھی ہے۔