اسرائیلی فوج نے غزہ کی سمندری حدود میں سخت حفاظتی پابندیاں عائد کر دیں
اسرائیلی انخلاء کے منصوبوں کی وجہ سے غزہ جنگ بندی کے مذاکرات ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں: ذرائع
اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی سے ملحقہ سمندری علاقے میں سخت حفاظتی پابندیوں کا اعلان کردیا۔ دریں اثنا طبی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ مختلف علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں آج ہفتہ کی صبح سے لے کر اب تک 18 فلسطینی مارے گئے ہیں۔ اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ میں ایک اپارٹمنٹ کی عمارت کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس پر دیگر فضائی حملوں کے علاوہ دیر البلح پر بھی فضائی حملے کیے۔ غزہ کے مشرقی علاقوں میں شدید اسرائیلی گولہ باری دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
یہ بات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دو باخبر فلسطینی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات کو "تعطل" کا سامنا ہے کیونکہ اسرائیل کا انخلا کا نقشہ پیش کرنے پر اصرار ہے جس سے پٹی کا تقریباً 40 فیصد فوجی کنٹرول میں آجائے گا۔ ذرائع میں سے ایک نے ایجنسی فرانس پریس کو بتایا کہ دوحہ مذاکرات کو رکاوٹوں اور پیچیدہ مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ جمعہ کو پیش کردہ انخلا کے نقشے پر اسرائیل اصرار کر رہا ہے۔ اس نقشے میں اسرائیلی فوج کے پٹی سے مکمل انخلا کے بجائے اس کی دوبارہ تعیناتی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسرے ذریعے نے بتایا کہ اسرائیل اپنی تباہی کی جنگ کو جاری رکھنے کے لیے تاخیر کی اپنی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے اور معاہدے میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔ اس سے قبل فلسطینی ذرائع نے العربیہ اور الحدث کو بتایا تھا کہ دوحہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے بالواسطہ مذاکرات مسائل کے باوجود اور بات چیت میں تعطل کے باوجود جاری ہیں۔ ذرائع نے عندیہ دیا کہ فلاڈیلفی راہداری سے اسرائیلی انخلاء امریکی ایلچی سٹیو وٹکوف کے قطری دارالحکومت کے آئندہ دورے تک ملتوی کر دیا جائے گا۔
ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ہفتہ کو ہونے والے بالواسطہ مذاکرات میں قیدیوں سے متعلق مسائل اور غزہ کی پٹی میں امداد کے داخلے کے طریقہ کار پر توجہ دی جائے گی۔ دریں اثنا اسرائیلی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ ذرائع ابلاغ نے اشارہ کیا کہ غزہ کی پٹی سے اسرائیلی انخلاء کی حد تنازعہ کا باعث بنی ہوئی ہے۔ حماس پر امریکی دباؤ ہے کہ وہ غزہ سے اسرائیلی انخلاء کے حجم اور دائرہ کار پر بات چیت کو فی الحال ملتوی کردے ۔
خارجہ امور اور سلامتی کی پالیسی کے لیے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالس نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں انسانی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ کایا کالس نے ایک بیان میں مزید کہا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں روزانہ داخل ہونے والے امدادی ٹرکوں کی تعداد میں نمایاں اضافے، متعدد اضافی سرحدی گزرگاہوں کو کھولنے اور امدادی داخلے کے راستوں کو دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے علاوہ کھانے کے سامان کی تقسیم کو فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
اضافی اقدامات میں ایندھن کی فراہمی کا دوبارہ آغاز شامل ہے اور کایا کالس نے وضاحت کی کہ یہ اقدامات آنے والے دنوں میں نافذ کیے جائیں گے۔ یورپی کمیشن کے ترجمان انور العلونی نے اعلان کیا کہ اسرائیل کے ساتھ نئے معاہدے میں غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن شامل نہیں ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ اقوام متحدہ کی ایجنسیاں اور غیر سرکاری تنظیمیں سامان فراہم کریں گی۔
اسی تناظر میں، غزہ میں تنظیم ’’ ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈر‘‘ نے غذائی قلت کی شرح میں تیزی سے اور بے مثال اضافے کے بارے میں خبردار کیا اور کہا کہ دو ماہ سے بھی کم عرصے میں غذائی قلت کے شکار کیسز کی تعداد میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔ تنظیم نے وضاحت کی کہ اس کی ٹیمیں اس وقت غزہ شہر اور المواصی قصبے کے دو طبی مراکز میں 1,200 سے زائد افراد کا علاج کر رہی ہیں۔ ان افراد میں زیادہ تر حاملہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔ تنظیم نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کے لوگوں کی فاقہ کشی کا خاتمہ اس وقت ممکن ہے جب انسانی امداد کی مناسب مقدار میں داخلے کی اجازت دی جائے۔ اب تک اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی میں 57,823 فلسطینیوں کو شہید کر چکی ہے.
-
اسرائیلی حکام نے مطالبہ کیا کہ ہم غزہ میں امداد پہنچانے کا مرکزی ذریعہ رہیں: اقوام متحدہ
گزشتہ ہفتے اسرائیل کا دورہ کرنے والے اقوامِ متحدہ کے ایک عہدے دار کا کہنا ہے کہ ...
مشرق وسطی -
آسٹریلیا نے غزہ سے آنے والی فلسطینی دادی کو حراست میں لے لیا
سکیورٹی رسک' قرار دینے کے خدشے کے پیش نظر ویزا منسوخی کا عندیہ
بين الاقوامى -
اسرائیلی فوج نے غزہ سے متصل سمندری علاقے میں سخت سیکیورٹی پابندیاں عائد کر دیں
"فرانس پریس" نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی انخلا کے منصوبوں کے سبب غزہ ...
مشرق وسطی