اسرائیلی بمباری جاری، غزہ پر ٹینکوں کی پیش قدمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گذشتہ روز غزہ میں امن منصوبے کے اعلان کے باوجود اسرائیلی بمباری جاری ہے اور فلسطینی علاقے پر حملے مسلسل جاری ہیں۔

العربیہ/الحدث کے مطابق منگل کے روز اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے جنوبی حصے پر شدید بمباری کی اور کئی علاقوں میں بمباری کی گئی۔

ادھر اسرائیلی فوج نے جنوبی، وسطی اور شمالی غزہ میں گھروں پر حملوں کی شدت بڑھا دی۔ توپ خانے نے بھی غزہ شہر کے مغرب میں النصر محلے اور وسطی علاقے میں النصیرات کیمپ کے شمال کو نشانہ بنایا۔

ٹینک غزہ کے شمال اور مشرق میں داخل

فوجی کارروائی کے ساتھ اسرائیلی ٹینک مشرقی اور شمالی محاذوں سے غزہ میں گھس آئے اور پیش قدمی کرتے ہوئے شہر کے وسط میں شارع الجلاء تک پہنچ گئے۔

ٹینک شارع النصر میں الشفا ہسپتال کے قریب بھی داخل ہوگئے، جو غزہ کی سب سے اہم طبی سہولتوں میں شمار ہوتا ہے۔ ساتھ ہی اسرائیلی فوجی جنوبی سمت سے بڑھتے ہوئے یونیورسٹیوں کے علاقے تک پہنچ گئے تاکہ الشفا ہسپتال کو مکمل طور پر فوجی حصار میں لیا جا سکے۔

غذائی بحران کی سنگین صورتحال

اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک کے نائب ایگزیکٹو ڈائریکٹر کارل سکاو نے خبردار کیا ہے کہ اگر غزہ میں خوراک کی فراہمی میں بڑے پیمانے پر اضافہ نہ کیا گیا تو چند ہفتوں میں تمام آبادی قحط کا شکار ہو جائے گی۔

انہوں نے کینیڈین چینل "سی بی سی" سے گفتگو میں بتایا کہ روزانہ صرف 100 ٹرک کھانے پینے کا سامان غزہ پہنچ رہے ہیں، جو 22 لاکھ آبادی کے لیے ناکافی ہے۔

اقوام متحدہ کی خوراک و زراعت کی تنظیم (فاو) نے دو ہفتے قبل اعلان کیا تھا کہ تقریباً 14 لاکھ افراد بدترین غذائی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔

گذشتہ ماہ جاری "عالمی رپورٹ برائے غذائی بحران" میں پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر غزہ کو قحط زدہ علاقہ قرار دیا گیا تھا۔

سخت محاصرہ اور بے گھر آبادی

یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان 7 اکتوبر 2023ء کو جنگ کے آغاز کے بعد سے اسرائیلی فوج نے غزہ پر سخت محاصرہ مسلط کر رکھا ہے اور فلسطینی جانب سے رفح کراسنگ کو بند کر دیا گیا ہے۔

ستمبر کے آغاز سے اب تک غزہ شہر کے زیادہ تر مکینوں کو جنوب کی جانب نکلنے پر مجبور کیا گیا ہے، اقوام متحدہ کئی بار خبردار کر چکی ہے کہ وہاں کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں