سعودی عرب میں مزید 1516 تاریخی مقامات قومی آثار کی فہرست میں شامل
ریاض میں سب سے زیادہ مقامات، کل رجسٹرڈ آثار کی تعداد 11 ہزار 577 تک پہنچ گئی
سعودی عرب کے محکمہ آثار قدیمہ نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں 1516 نئے آثار قدیمہ کو قومی آثار کے ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ اقدام مملکت کے تاریخی و ثقافتی ورثے کی حفاظت اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
آثار قدیمہ کے ادارے کے مطابق اس تازہ فہرست میں شامل بیشتر مقامات ریاض کے علاقے میں واقع ہیں، جہاں 1174 نئے آثار کو رجسٹر کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد ریاض میں رجسٹر شدہ مقامات کی مجموعی تعداد 3079 ہو گئی ہے۔
تبوک کے علاقے میں 85 نئے مقامات شامل کیے گئے جن کے بعد وہاں کل رجسٹرڈ آثار قدیمہ کے مقامات کی تعداد 1161 ہو گئی ہے۔ مکہ مکرمہ کے علاقے میں 3 نئے مقامات کے اضافے سے مجموعی تعداد 750 تک پہنچ گئی، جبکہ شمالی سرحدی علاقے میں 70 نئے مقامات رجسٹر ہونے کے بعد کل تعداد 359 ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ الباحہ کے علاقے میں 184 نئے آثار قدیمہ شامل کیے گئے ہیں، جس کے بعد وہاں اندراج شدہ مقامات کی مجموعی تعداد 313 ہو گئی ہے۔
محکمہ آثار قدیمہ نے بتایا کہ اس تازہ اقدام کے بعد مملکت بھر میں قومی آثار کے ریکارڈ میں شامل تاریخی مقامات کی کل تعداد بڑھ کر 11 ہزار 577 ہو گئی ہے۔ یہ پیش رفت اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ سعودی عرب اپنے ثقافتی ورثے کے تحفظ، دستاویزی کام اور عالمی سطح پر تحقیق و دریافت کے مرکز کے طور پر اپنی حیثیت کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔