’ایس ٹی سی‘ کے انخلاء کے بعد ’نیشنل شیلڈ فورس‘ نے سیئون ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا
العربیہ کی ٹیم سیئون شہر میں موجود، علاقے میں زندگی معمول پر لوٹنے لگی، قومی پرچم لہرا دیا گیا
العربیہ اور الحدث کی ٹیم نے یمن کے صوبہ حضرموت میں واقع سیئون ایئرپورٹ پر نیشنل شیلڈ فورسز کے مکمل کنٹرول کے خصوصی مناظر ریکارڈ کیے ہیں۔
فوٹیج میں یمنی حکومت کی وفادار فورسز کو ایئرپورٹ کے اندر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے بعد دیکھا جا سکتا ہے جہاں جنوبی عبوری کونسل کی فورسز کو بین الاقوامی ایئرپورٹ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔
مناظر میں بھاری اسلحے سے لیس بڑی تعداد میں فوجی اہلکاروں پر مشتمل فوجی قافلے بھی دکھائی دیے جو علاقے میں گشت کر رہے تھے اور شہر کے متعدد داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹرول سنبھالے ہوئے تھے جبکہ یمنی پرچم فضا میں لہرا رہے تھے۔
العربیہ اور الحدث کے نامہ نگار کے مطابق سرکاری فورسز نے ایئرپورٹ کے ستونوں سے جنوبی عبوری کونسل کے پرچم اتار دیے اور ان کی جگہ یمن کا قومی پرچم لہرا دیا۔
موفد العربية يرصد الأوضاع في مطار سيئون بعد سيطرة #درع_الوطن عليه بالكامل #اليمن#قناة_العربية pic.twitter.com/bL8VoVUuwL
— العربية (@AlArabiya) January 3, 2026
سیئون ایئرپورٹ پر قومی پرچم لہرا دیا گیا
حضرموت کے گورنر سالم الخنبشی نے ہفتے کے روز سیئون شہر پر مکمل کنٹرول اور سکیورٹی یقینی بنانے کا اعلان کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ معمول کی زندگی کی طرف لوٹ آئیں۔ انہوں نے اس سے ایک روز قبل شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت کی تھی۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب نیشنل شیلڈ فورسز حضرموت کے شمال میں واقع اسٹریٹجک علاقہ العبر سے وادی کی جانب روانہ ہوئیں اور تمام عسکری مقامات کا کنٹرول سنبھالنے کی غرض سے سیئون شہر میں داخل ہوئیں۔
موفد العربية يرصد الأوضاع في مطار سيئون #اليمن #قناة_العربية pic.twitter.com/nX7vOSazTv
— العربية (@AlArabiya) January 3, 2026
گورنر حضرموت نے گذشتہ شام اعلان کیا تھا کہ حضرموت کے قبائل نے سیئون میں واقع پہلے عسکری ریجن کی قیادت کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی حکام نے اتحاد برائے آئینی حکومت سے درخواست کی تھی کہ وہ القطن کے علاقے کے مغرب میں پہنچنے سے پہلے جنوبی عبوری کونسل کی کمک کو نشانہ بنائے۔
ان کے مطابق القطن کی گھاٹی میں اسلحہ اور جنگجوؤں کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا اور وہ اپنی منزل تک پہنچنے میں ناکام رہے۔
واضح رہے کہ یمنی حکومت کی نمائندگی کرنے والے گورنر حضرموت نے گذشتہ روز صوبے میں فوجی چھاؤنیوں کی بحالی کے لیے ایک پُرامن عسکری کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس بات پر زور دیا تھا کہ یہ آپریشن کسی بھی فریق یا جز کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں۔
یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب جنوبی عبوری کونسل کی فورسز نے حضرموت اور المہرہ میں ان مقامات سے انخلا سے انکار کر دیا تھا جن پر انہوں نے دسمبر سے شروع ہونے والے حملوں کے دوران قبضہ کیا تھا۔
-
ریاض میں کانفرنس کا انعقاد، سعودی عرب کی یمن کے جنوبی دھڑوں کو شرکت کی دعوت
سعودی وزارتِ خارجہ نے ہفتے کے روز یمن کے جنوبی دھڑوں سے ریاض میں ایک کانفرنس میں ...
بين الاقوامى -
یمن : شاہ سلمان ریلیف کی بے گھر افراد کے لیے طبی سہولتیں جاری
سعودی عرب کے سب سے بڑے اور بین الاقوامی خیراتی ادارے 'شاہ سلمان ریلیف' نے یمن کے ...
بين الاقوامى -
یمن میں "ہوم لینڈ شیلڈ" فورسز کا سیئون شہر پر کنٹرول ... عبوری کونسل کے عناصر کا فرار
یمن کے صوبے حضر موت میں "ہوم لینڈ شیلڈ" فورسز کی پیش قدمی اور وادی کے علاقوں میں ...
بين الاقوامى