امریکی صدر کی جانب سے آئندہ دنوں میں غزہ کے لیے امن کونسل کے ارکان کے اعلان کی توقع کے دوران حماس نے تصدیق کی ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں سرکاری ادارے ایک فلسطینی ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے سپرد کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اتوار کے روز جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ تحریک نے تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فلسطینی ٹیکنوکریٹ کمیٹی کو ادارے منتقل کرنے کے لیے مکمل تیاری کریں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس حوالے سے فیصلہ واضح اور حتمی ہے۔
غزہ معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش
ادھر حماس کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ تحریک نے ثالثوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی روزانہ کی کارروائیوں کو رکوانے کے لیے مداخلت کریں جن کا مقصد جنگ بندی کے معاہدے کو نقصان پہنچانا ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر سنہ 2025ء میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق کے بعد لڑائی کی شدت میں نمایاں کمی آئی تھی جو دونوں کے درمیان جنگ شروع ہونے کے دو برس بعد عمل میں آئی تاہم جھڑپیں مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکیں۔ غزہ میں محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد اب تک 440 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔
امن کونسل اور انتظامی ڈھانچہ
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ آئندہ دنوں میں امن کونسل کے ارکان کا اعلان کریں گے۔ یہ ایک عبوری ادارہ ہو گا جس کی سربراہی وہ خود کریں گے اور اس کا مقصد غزہ کی انتظامی کمیٹی کی نگرانی کرنا ہو گا۔
اس کے ساتھ ہی جلد ہی اس فلسطینی ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے ارکان کے نام بھی سامنے آنے کی توقع ہے جو غزہ کے انتظامی امور سنبھالے گی۔
دوسری جانب گذشتہ جمعرات کو اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو کے دفتر نے عندیہ دیا تھا کہ بلغاریہ کے سفارت کار نکولائی ملادینوف کو غزہ میں امن کونسل کے لیے بین الاقوامی رابطہ کار مقرر کیا جا سکتا ہے تاہم صدر ٹرمپ کی جانب سے اس تقرری کی باضابطہ تصدیق تاحال نہیں کی گئی۔
نکولائی ملادینوف خطے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور وہ سنہ 2015ء کے آغاز سے سنہ 2020ء کے اختتام تک مشرقِ وسطیٰ میں اقوام متحدہ کے امن عمل کے خصوصی ایلچی کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
-
رام اللہ : مجوزہ غزہ بورڈ کے لیے نامزد ڈائریکٹر کی فلسطینی اتھارٹی کے عہدیداروں سے ملاقات
اقوام متحدہ کے سابق ایلچی کے حوالے سے یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ امریکی صدر کی ...
مشرق وسطی -
نیتن یاہو اور حماس غزہ میں دوبارہ جنگ کے لیے تیاریوں میں مصروف: ذرائع
غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں تاخیر کے باعث ایسا لگتا ہے کہ اسرائیلی ...
بين الاقوامى -
نہ گولہ باری ،نہ راکٹ، سردی نے غزہ میں ایک شیر خوار بچے کو ہلاک کر دیا
شدید موسم اور سردی سے محفوظ ہونے کے وسائل کی کمی کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں ...
مشرق وسطی