سعودی ریلویز سے سنہ 2025ء کی آخری سہ ماہی میں 46 اعشاریہ سات ملین افراد کا سفر
ریاض ٹرین سرفہرست، شہری ٹرینوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ
سعودی عرب میں سنہ 2025ء کی آخری سہ ماہی کے دوران 46 اعشاریہ سات ملین مسافروں نے ٹرینوں کے ذریعے سفر کیا جو ریل کے ذریعے آمد و رفت میں بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ شہری ٹرینوں میں سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد چوتھی سہ ماہی میں 43 اعشاریہ آٹھ ملین تک پہنچ گئی۔ اس فہرست میں ریاض ٹرین 32 اعشاریہ ایک ملین مسافروں کے ساتھ سرفہرست رہی جبکہ جدہ میں واقع کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آٹومیٹڈ ٹرانسپورٹ سسٹم نے 10 اعشاریہ چھ ملین مسافروں کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘کے مطابق شہزادی نوره بنت عبدالرحمن یونیورسٹی کے آٹومیٹڈ ٹرانسپورٹ سسٹم نے 9 لاکھ 82 ہزار سے زائد مسافروں کو سفر کرایا اور یوں یہ نظام چوتھے نمبر پر رہا۔ اتھارٹی نے یہ بھی واضح کیا کہ حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین نے جو جدہ کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سے ملاتی ہے سنہ 2025ء کی چوتھی سہ ماہی کے دوران قریب 2 اعشاریہ 9 ملین مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی۔
اسی عرصے میں الشرق ٹرین جس کے ذریعے ریاض کو مشرقی ریجن سے بقیق، الاحساء، حرض اور الخرج کے راستے ملایا جاتا ہے 3 لاکھ 67 ہزار مسافروں نے استعمال کیا۔ اس کے مقابلے میں ا لشمال ٹرین جس کا سفر ریاض سے اردن کی سرحد کے قریب الحدیثہ تک ہے اور جو المجمعہ، القصیم، حائل، الجوف اور القریات سے گزرتی ہے نے اسی مدت میں دو لاکھ 34 ہزار مسافروں کو منزل تک پہنچایا۔