طائف میں کتب و قارئین میلہ اختتام پذیر، تیسرے ایڈیشن میں تین لاکھ 70 ہزار شرکاء کی آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

سعودی عرب میں ادب، اشاعت اور ترجمہ اتھارٹی نے طائف گورنری میں کتب و قارئین میلے کے تیسرے ایڈیشن کی سرگرمیاں کامیابی سے مکمل کر لیں۔ سات روز تک جاری رہنے والا یہ میلہ ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں سے بھرپور رہا۔ یہ میلہ نو سے 15 جنوری 2026 تک الردّف پارک میں "آپ کی آمد ہمارا اثاثہ" کے عنوان سے منعقد کیا گیا۔

اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر عبداللطیف الواصل نے بتایا کہ میلے نے ہر سطح پر شاندار کامیابی حاصل کی۔ میلے میں شریک ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر گئی جو مملکت کے بڑے ثقافتی پروگراموں میں اس کے مقام کو مزید مستحکم کرتی ہے۔

روزمرہ زندگی میں ادب کی شمولیت

ڈاکٹر الواصل نے وضاحت کی کہ یہ میلہ اتھارٹی کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد ادب کو روزمرہ زندگی کا جزو بنانا ہے۔ یہ میلہ طائف جیسے قدیم ادبی ورثہ رکھنے والے شہر میں ایک مکمل ثقافتی تجربہ فراہم کر کے منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ میلہ سعودی ثقافتی نظام کے اس ویژن کا عکاس ہے جس کے تحت سرگرمیوں کو مملکت کے تمام علاقوں میں پھیلانا اور تخلیق و اظہار کے نئے راستے کھولنا مقصود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں علم اور تفریح کا ایسا متوازن امتزاج رکھا گیا جس نے معاشرے کے تمام طبقوں کو اپنی طرف کھینچا اور ہر عمر کے لوگوں کو ایک بھرپور ثقافتی ماحول فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی ثقافت کو عوامی منظرنامے میں نمایاں کرنے اور ادیبوں و قارئین کو ثقافتی پیداوار کے بنیادی ستون کے طور پر سراہنے کے لیے کوشاں ہے۔

4 مقامات پر 270 سرگرمیاں

میلے کی سرگرمیاں چار اہم مقامات یعنی الدرب، المطل، الفناء اور الصرح میں پھیلی ہوئی تھیں۔ ان مقامات پر 270 سے زائد پروگرام پیش کیے گئے جن میں 176 ثقافتی سرگرمیاں، 84 تھیٹر شوز، 7 موسیقی اور شعری نشستیں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ 45 ادبی و فنی فن پارے پیش کیے گئے اور دستکاروں کے لیے 20 فنی پلیٹ فارمز مختص کیے گئے تاکہ وہ پیشہ ورانہ ماحول میں اپنی مصنوعات کی نمائش کر سکیں۔

ان سرگرمیوں میں ایسے تعاملی پلیٹ فارمز بھی شامل تھے جہاں زائرین منتخب اشعار سن سکتے تھے، موسیقی کے پروگراموں اور شعری مقابلوں سے لطف اندوز ہو سکتے تھے اور تاریخ کے نامور ادیبوں کی زندگی اور ان کے کام سے واقفیت حاصل کر سکتے تھے۔ اس شاندار ادبی میلے میں ایک معلوماتی پویلین بھی تھا جو ادب، اشاعت اور ترجمہ کے شعبوں کی معاونت کے لیے اتھارٹی کے کردار اور اس کے اقدامات کو اجاگر کر رہا تھا۔

میلے میں بچوں کے لیے ایک مکمل علاقہ مختص کیا گیا تھا۔ اس زون میں پانچ اہم گوشے، تعلیمی سرگرمیاں اور دلچسپ کھیل شامل تھے۔ ساتھ ہی ایک "حکواتی" تھیٹر یا قصہ گو تھیٹر بھی تھا جس نے تفریحی انداز میں بامقصد کہانیاں سنا کر نئی نسل میں ثقافتی شعور بیدار کرنے میں حصہ لیا۔

طائف ایک عالمی ادبی شہر

طائف کو 31 اکتوبر 2023 کو یونیسکو کے تخلیقی شہروں کے نیٹ ورک میں ادب کے شعبے میں شامل کیا گیا تھا۔ اس شہر میں اس میلے کا انعقاد اس کی ثقافتی حیثیت اور مقامی و عالمی ادبی منظرنامے میں اس کے فعال کردار کی توثیق کرتا ہے۔ یاد رہے طائف یہ اعزاز حاصل کرنے والا پہلا سعودی شہر ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں