اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے جس میں وادی برغز، مرتفعات اقلیم التفاح اور حومین الفوقا کو نشانہ بنایا گیا۔
العربیہ اور الحدث کی نامہ نگار نے جنوبی لبنان کے علاقے ریحان پر دو اسرائیلی فضائی حملوں کی اطلاع دی ہے، اس کے علاوہ وادی برغز اور جنوب کے دیگر علاقوں میں بھی بمباری کی گئی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے بنیادی ڈھانچے پر حملے کر رہی ہے۔
مسلسل فضائی حملے
واضح رہے کہ 27 نومبر سنہ 2024ء کو لبنان اور اسرائیل کے درمیان دشمنی کے خاتمے کے معاہدے کے نفاذ کے بعد سے اسرائیلی افواج نے جنوب اور مشرق کے متفرق لبنانی علاقوں پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، ان کا دعویٰ ہے کہ وہ حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے لبنانی اراضی کے اندر ان 5 اہم بلندیوں سے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا ہے جو سرحد کے دونوں اطراف نظر رکھتی ہیں۔ دوسری جانب لبنانی فوج دریائے لیطانی کے تمام جنوبی علاقوں میں پھیل چکی ہے اور اس نے خطے میں ریاست کے فریم ورک سے باہر موجود غیر قانونی اسلحہ کو محدود کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ تاہم اسرائیل نے ان اقدامات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ اپنی عسکری صلاحیتیں دوبارہ منظم کر رہی ہے۔