شاہ سلمان کی سعودی ہوائی اڈوں پر پھنسے خلیجی شہریوں کی میزبانی کی ہدایت

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تجویز پر شاہی فرمان جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پیش کردہ تجویز پر مملکت کے ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے تمام خلیجی بھائیوں اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے شہریوں کی میزبانی کی منظوری دے دی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی "ایس پی اے" کے بیان کے مطابق شاہ سلمان نے ان معزز مہمانوں کی میزبانی اور اکرام کے لیے تمام ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

شاہ سلمان نے ہدایت کی ہےکہ ان تمام افراد کے لیے ان کے دوسرے گھر یعنی سعودی عرب میں اپنے بھائیوں کے درمیان قیام و طعام اور ہر طرح کے آرام کے وسائل فراہم کیے جائیں، تاکہ جب تک ان کی اپنے وطن واپسی کے لیے مناسب حالات پیدا نہیں ہو جاتے وہ یہاں مکمل عزت و احترام کے ساتھ رہ سکیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو اس فرمان پر فوری عمل درآمد کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

اس سلسلے میں سعودی فرمانروا کی یہ ہدایات خلیجی دارالحکومتوں کی فضائی حدود کی عارضی بندش کے تناظر میں سامنے آئی ہیں، جو ہفتے کی صبح خلیجی ممالک کے شہروں پر ایرانی حملوں کے بعد عمل میں لائی گئی تھی۔ ان ممالک نے ایرانی حملوں کو ناکام بنانے کے لیے عملی اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔

سعودی عرب خلیجی ممالک کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور ان کی سرزمین کو ایرانی بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ مملکت کا کہنا ہے کہ وہ خلیج تعاون کونسل کے ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے ان کے ہر اقدام کی بھرپور حمایت اور تمام ممکنہ وسائل فراہم کرے گا۔ یہ تمام کوششیں اس سیاسی اور سفارتی جدوجہد کا حصہ ہیں جس کا مقصد خطے کو کسی بھی قسم کی کشیدگی سے بچانا اور امن و استحکام کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں