کویتی وزارت صحت نے کہا ہے کہ العدان ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں مختلف عرب شہریتوں سے تعلق رکھنے والے 32 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی ہے۔ طبی ٹیموں نے زخمیوں کے پہنچتے ہی علاج معالجہ شروع کر دیا۔ اس دوران ایک ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ یہ پیش رفت خطے میں جاری کشیدگی اور کویت کی شہری تنصیبات پر ہونے والے ایرانی حملوں کے بعد سامنے آئی ہے۔
وزارت کے سرکاری ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند نے وضاحت کی کہ تقریباً 15 مریضوں کو خصوصی طبی نگہداشت کے لیے جابر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ بقیہ کیسز کی نگرانی العدان ہسپتال میں جاری ہے۔ اس کے علاوہ 5 زخمیوں کو ضروری سرجری کے لیے العدان ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز میں داخل کیا گیا ہے۔
اسی تناظر میں ڈاکٹر عبد اللہ السند نے بتایا کہ زخمیوں کو سینے، سر اور پیٹ میں چوٹیں آئی ہیں۔ بعض کے اعضاء ٹوٹے ہوئے ہیں اور جسم کے مختلف حصوں پر زخم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مریضوں کو منظور شدہ طبی پروٹوکولز کے مطابق مکمل نگہداشت اور مسلسل نگرانی فراہم کی جا رہی ہے۔ وزارت صحت نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ ہفتہ کو 12 زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں لایا گیا تھا جن میں سے 9 الفروانیہ ہسپتال، 2 الجہراء ہسپتال اور ایک مبارک ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ ان زخمیوں کی حالت کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
وزارت نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی اور آئی سی یو وارڈز کی مکمل تیاری اور مختلف طبی شعبوں کے درمیان مسلسل ہم آہنگی کی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ فوری رسپانس اور اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے۔