ماكروں کا نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ، لبنان میں زمینی کارروائی شروع کرنے کی مخالفت

فرانسیسی صدر نے اس بات پر دوبارہ زور دیا کہ حزب اللہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ اسرائیل اور اس کے باہر اپنے حملے فوری طور پر بند کرے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے اعلان کے مطابق انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے، جس میں ماکروں نے لبنان کی علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے اور وہاں زمینی کارروائی سے باز رہنے پر زور دیا۔

گذشتہ موسم گرما کے بعد ماکروں اور نیتن یاہو کے درمیان ہونے والے اس پہلے رابطے کے علاوہ، فرانسیسی صدر نے اپنے لبنانی ہم منصب جوزف عون اور وزیر اعظم نواف سلام سے بھی بات چیت کی۔

ماکروں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس 'پر واضح کیا کہ انہوں نے اس ضرورت پر دوبارہ زور دیا ہے کہ حزب اللہ تنظیم اسرائیل کے اندر اور باہر اپنے حملے فوری طور پر بند کرے۔ انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ چھڑنے کے بعد سے جنوبی لبنان میں پیدا ہونے والی سنگین انسانی صورت حال کے پیش نظر، فرانس بے گھر ہونے والے لبنانی شہریوں کی مدد کے لیے فوری اقدامات کرے گا۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیلی فوج نے حزب اللہ تنظیم کے ساتھ جنگ کے تیسرے دن اپنی وسیع فضائی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے بدھ کے روز جنوبی لبنان کے متعدد سرحدی قصبوں میں پیش قدمی کی ہے۔ اسرائیل نے بدھ کو سرحد کے ساتھ واقع جنوبی لبنانی علاقے کے رہائشیوں کو اسے مکمل طور پر خالی کرنے کی ہدایات دی تھیں جبکہ لبنانی حکام کے مطابق پیر سے اب تک کم از کم 72 افراد ہلاک اور 83 ہزار سے زائد اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب حزب اللہ تنظیم نے بدھ کو اسرائیلی ٹھکانوں اور افواج کے خلاف اپنے حملوں کی شدت میں اضافہ کر دیا اور پہلی بار سرحد کے قریب اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ "براہ راست تصادم" کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ ایران پر امریکی و اسرائیلی جنگ مشرق وسطیٰ میں اس وقت لبنان تک پھیل گئی تھی جب اتوار اور پیر کی درمیانی شب حزب اللہ تنظیم نے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا اور اسے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی ہلاکت کا بدلہ قرار دیا۔ اس حملے کے بعد اسرائیل نے دھمکی دی تھی کہ وہ تنظیم سے "بھاری قیمت" وصول کرے گا اور فضائی حملے شروع کر دیے گئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے دریائے لیطانی کے جنوبی علاقے کے مکینوں (جو سرحد سے 30 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے) کو فوری انخلا کا حکم دینے کے بعد، اسرائیلی افواج سرحدی قصبوں کے اندر داخل ہو گئیں اور رات گئے ایک بیان میں جنوبی لبنان کے اندر کئی مقامات پر اپنی پوزیشنیں سنبھالنے کا اعلان کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں